دنیا
Time 10 اگست ، 2022

مودی کی'پاکستانی بہن' کون ہیں اور انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو تحفے میں کیا بھیجا؟

وزیر اعظم کو اس وقت راکھی باندنا شروع کیا تھا جب وہ آر ایس ایس کے کارکن ہوا کرتے تھے: قمر محسن__فوٹو: فائل
وزیر اعظم کو اس وقت راکھی باندنا شروع کیا تھا جب وہ آر ایس ایس کے کارکن ہوا کرتے تھے: قمر محسن__فوٹو: فائل

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پاکستانی بہن ان سے ملاقات کی منتظر ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مودی کی منہ بولی پاکستانی بہن قمر محسن شیخ نے انہیں راکھی بھیجی ہے اور وہ پرامید ہیں کہ اس بار ان کی مودی سے ملاقات ہو جائے گی۔

بھارتی نیوز  ایجنسی اے این آئی سے گفتگو میں قمر محسن نے بتایا کہ انہوں نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث گزشتہ دو برس سے نریندر مودی کو راکھی نہیں باندھی لیکن انہوں نے راکھی ضرور بھیجی تھی۔

بھارتی شہر احمد آباد کی رہائشی قمر محسن نے کہا کہ اس بار انہوں نے مودی کے لیے اپنے ہاتھوں سے راکھی تیار کی ہے جس میں ریشم کا ربن استعمال کیا گیا ہے اور اس پر کڑھائی کی گئی ہے، انہیں امید ہے کہ مودی انہیں دہلی ضرور  بلائیں گے۔

اس کے علاوہ قمر محسن شیخ نے مودی کو ایک خط بھی بھیجا ہے جس میں نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے، ساتھ ہی قمر محسن شیخ نے کہا کہ انہیں امید ہے 2024 کے عام انتخابات میں ایک مرتبہ پھر مودی کامیاب ہوں گے۔

دوران انٹرویو قمر نے بتایا کہ ماضی میں جب نریندر مودی نے راکھی بندھوانے کے بعد مجھے آشیرباد دیا تھا تو لگا کہ میں دنیا کی سب سے خوش قسمت انسان ہوں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کا اور مودی کا بالکل ایسا رشتہ ہے جیسے کسی بہن بھائی کا ہوتا ہے، بھارتی وزیر اعظم کو اس وقت راکھی باندھنا شروع کی تھی جب وہ  آر ایس ایس کے کارکن ہوا کرتے تھے۔

واضح رہے کہ قمر محسن کا تعلق پاکستان سے ہے جو شادی کے بعد بھارت گئیں اور اب وہیں مقیم ہیں۔

واضح رہے کہ اس بار بھارت میں رکشہ بندھن کا تہوار 11 اگست کو منایا جائے گا۔

مزید خبریں :