10 اگست ، 2022
سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو فوج سے لڑوانے کی سازش ہورہی، شہباز گل نے جو کہا اگر قانون کے خلاف تھا تو اس پر چارج لگائیں، شہباز گل کو عدالت میں صفائی پیش کرنے کا موقع ملے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ بیرونی سازش کے ذریعے ہماری حکومت کو ہٹایا گیا، ہماری حکومت گرائی گئی تو خوشی منائی گئی، بھارت کا میڈیا دیکھیں تو لگتا ہے ان کا ہی پرائم منسٹر بن گیا، میری حکومت گرانے پر اسرائیل اور بھارت میں خوشی منائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ رجیم چینج کی سازش اب آگے چل رہی ہے، خوفناک سازش کا پلان بنایا گیا ہے اورپلان بنایا گیا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی اور فوج کو لڑایا جائے، انہیں سب سے بڑی تکلیف تھی کہ فوج اور حکومت ایک ہی پیج پر چل رہی ہے، بھارت میں کہا جاتا تھا کہ عمران خان اور فوج ایک ہی پیج پر ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمارے سوشل میڈیا کے جوانوں نے ڈس انفولیب کو بے نقاب کیا، ڈس انفو لیب پاکستان کے خلاف سازش کررہی تھی، سازش میں وہ لوگ بھی تھے جو امپورٹڈ حکومت میں ہیں، یہ ڈس انفولیب عمران خان اور فوج کو ٹارگٹ کررہی تھی، آج بتایاجارہاہےکہ ہم غدار ہیں یہ محب وطن ہیں، یہ سازش ہے کہ فوج کےسامنے بڑی جماعت کو کھڑا کردیں۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ بڑی سیاسی جماعت کوفوج کیخلاف کھڑا کرنا ملک کیلئےسب سےزیادہ نقصان دہ ہے، سازش وہ لوگ کررہے ہیں جوخودبیرونی سازش کاحصہ ہیں، پوری کمپین کی ہوئی ہے کہ ہماری اور فوج کی لڑائی ہوجائے، پارٹی توڑنےکاپورا پلان بنایا ہوا ہے۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ فارن فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، کرپٹ پارٹیاں کبھی فنڈ ریزنگ نہیں کرسکتیں، ہم نے 40 ہزارڈونر کے نام دیےہوئے ہیں، ہماری جماعت نےالیکشن کمیشن کو ایک ایک چیز دی ہوئی ہے، لوگوں نے ہمیں پیسے دیے اور ہمارے پاس آڈٹ بک موجود ہیں، باقی جماعتوں کے پاس کدھر سےپیساآیاان کےپاس بتانے کو کچھ نہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ جھوٹی بنائی گئی ہے، چیلنج کرتاہوں کہ ایک ہی پارٹی ہے جس نے سیاسی فنڈ ریزنگ کی ، یہ الیکشن کمیشن سے مل کر تکنیکی طور پر ناک آؤٹ کرنا چاہتے ہیں، ان کے پاس کوئی آڈٹ رپورٹ نہیں ، ڈونر نہیں، کدھرسے پیسہ آیا، عدالتی حکم کےباوجود الیکشن کمیشن نے صرف پی ٹی آئی کوکٹہرے میں کھڑا کیا، کےالیکٹرک ان دو جماعتوں کےدورمیں عارف نقوی کو دی گئی، سب کوتحفےملتے ہیں، سب کی تحقیقات کریں ، آصف زرداری نے 3اور نوازشریف نےایک گاڑی توشہ خانہ سے لی۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ ان کی کوشش ہے کہ عمران خان کی کردارکشی کی جائے اور کسی کیس میں پھنسایا جائے، اتنا خوف پھیلا دو کہ کوئی میرا مؤقف نہ لے، توشہ خانہ سے تحفے قانونی تقاضے پورے کرکے لیے۔
ان کا کہنا تھاکہ نہیں پتا کہ ڈرون حملے کیلئے پاکستان کی حدود استعمال ہوئی کہ نہیں، خیبرپختونخوا میں ہمارے وزیروں کو کالعدم ٹی ٹی پی سے دھمکی مل رہی ہیں۔
شہباز گل کی گرفتاری سے متعلق عمران خان کا کہنا تھاکہ شہباز گل نے جو کہا اگر قانون کے خلاف تھا تو اس پر چارج لگائیں، شہباز گل کو عدالت میں صفائی پیش کرنے کا موقع ملے، شہباز گل کی گاڑی کے شیشے توڑ دیے، ڈرائیور کو مارا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ شہباز گل نے کچھ غلط کہا ہے تو قانون موجود ہے، مجھے ملک کی فکر ہے جسے ملک کی فکر ہوگی تو وہ چاہے گا فوج کا ادارہ مضبوط ہو۔
اس دوران سابق وزیراعظم نے نواز شریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز کے پرانے ویڈیو کلپ بھی چلوائے۔