12 اگست ، 2022
قلعہ عبداللہ میں پانی کے دباؤ سے تین ڈیم ٹوٹ گئے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ماچھکا ون ، ٹو اور ماچھکا تھری ڈیم ٹوٹے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ توبہ اچکزئی اور پہاڑی سیلابی ریلوں سے تینوں ڈیم بھر گئے تھے، تمام علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے اور لیویز کی ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنےمیں مصروف ہیں۔
ڈپٹی کمشنر منیر کاکڑ کا کہنا ہے کہ قلعہ عبداللہ کے علاقوں حبیب زئی، میزئی اور مخلتف علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے، حبیب زئی میں بڑی تعداد میں لوگ سیلابی ریلے میں پھنسے ہوئے ہیں،سیداں میں ٹریکٹر ٹرالی بہہ گئی جس میں 20 سے زائد افراد سوار تھے، بہہ جانے والے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاجور کے علاقے میں ریلوے پٹری بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ، چمن کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ قلعہ عبداللہ میں سیلاب سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جنگل پیر علی زئی کے علاقے میں تین پل بہہ گئے ہیں۔