آپ اس 'فلائنگ کار' کو خرید سکتے ہیں

اس کی قیمت چونکا دینے والی ہے / فوٹو بشکریہ سیمسون اسکائی
اس کی قیمت چونکا دینے والی ہے / فوٹو بشکریہ سیمسون اسکائی

ویسے تو اڑنے والی گاڑیوں کو بنانے کے لیے متعدد کمپنیوں کی جانب سے کام کیا جارہا ہے مگر اب تک کچھ خاص پیشرفت نہیں ہوسکی۔

تاہم حال ہی میں امریکا میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے ایک کمپنی سیمسون اسکائی کی پروٹوٹائپ فلائنگ کار سوئچ بلیڈ کے لیے ٹرائل فلائٹس کی اجازت دی ہے۔

اس گاڑی نے رن وے پر آزمائشی مراحل کو کامیابی سے مکمل کیا ہے اور اب اڑان بھرنے کے لیے تیار ہے۔

درحقیقت یہ اڑنے والی پہلی گاڑی ہے جو امریکا میں عام صارفین کو دستیاب ہے جسے اب تک 2 ہزار افراد نے ریزرو بھی کرالیا ہے حالانکہ اس کی قیمت ایک لاکھ 70 ہزار ڈالرز ہے۔

البتہ یہ ان لوگوں کو کب تک دستیاب ہوگی یہ ابھی کہنا مشکل ہے۔

سوئچ بلیڈ کو امریکا میں 3 پہیوں کی موٹرسائیکل کے طور پر پیش کیا گیا ہے مگر یہ سواری پرواز بھی کرسکتی ہے۔

اس میں پائلٹ کے ساتھ ایک اور مسافر سفر کرسکتا ہے جبکہ اسے سڑک پر دوڑانے کے ساتھ اڑایا بھی جاسکتا ہے۔

گاڑی کا اندرونی منظر / فوٹو بشکریہ سیمسون اسکائی
گاڑی کا اندرونی منظر / فوٹو بشکریہ سیمسون اسکائی

اس کے ونگز گاڑی کی باڈی کے اندر چھپے ہوتے ہیں جو بوقت ضرورت باہر آجاتے ہیں، ایسا ایک بٹن دبانے سے ہوتا ہے۔

اور ہاں اس گاڑی کو اڑانے کے لیے کسی ائیر پورٹ کے رن وے کی ضرورت ہوگی کیونکہ عام سڑک پر ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ پائلٹ لائسنس بھی درکار ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکا میں ابھی اڑنے والی گاڑیوں کے لیے اس قسم کا کوئی رن وے موجود نہیں جبکہ فضائی سفر کے لیے اسے تجرباتی طیارے اور زمین پر کاسٹیوم موٹر سائیکل کے طور پر رجسٹر کیا جائے گا۔

زمین پر اس سواری کی رفتار 125 میل فی گھنٹہ جبکہ فضا میں 200 میل فی گھنٹہ ہوگی۔

مزید خبریں :