15 اگست ، 2022
موسم گرما اور برسات کے دوران مچھروں سے بچنا بہت مشکل ہوتا ہے اور ان کے کاٹنے پر ڈینگی، ملیریا یا دیگر امراض کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔
ویسے تو مچھروں کے آپ پر حملہ آور ہونے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں مگر ہمارے لباس کا رنگ بھی ان کی توجہ حاصل کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
اس حوالے سے کچھ عرصے پہلے ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ مچھر کچھ رنگوں کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ کچھ سے دور رہتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ملبوسات کے رنگ بھی مچھروں سے بچانے میں کافی حد تک مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق مچھر بظاہر بو کو استعمال کرکے قریب موجود ہدف کا تعین کرتے ہیں، جب وہ مخصوص مرکبات جیسے ہماری سانس سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو سونگھتے ہیں، تو اس کے بعد مخصوص رنگوں کو اسکین کرتے ہیں اور پھر اس جانب بڑھتے ہیں۔
تو مچھروں کے پسندیدہ رنگ جان لیں۔
سرخ رنگ مچھروں کو بہت زیادہ پسند ہے اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ لباس کا رنگ سرخ ہو یا نہ ہو، مگر ہماری جلد سے سرخی مائل رنگت چھلکتی ہے۔
اور مچھروں کو مزیدار سرخ غذا بہت پسند ہوتی ہے۔
مچھر لانگ ویو لینتھ رنگوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہیں اور سرخ کی طرح نارنجی یا اورنج رنگ بھی مچھروں کو پسند ہوتا ہے ۔وہ اس کی جانب بڑھنا پسند کرتے ہیں۔
یہ تو پہلے سے معلوم ہے کہ سیاہ رنگ کے لباس پہنے افراد مچھروں کے لیے مقناطیس کی حیثیت رکھتے ہیں۔
مچھر گہرے رنگوں میں کشش محسوس کرتے ہیں۔ ویسے تو سیاہ تیکنیکی طور پر رنگ ہی نہیں مگر یہ حرارت جذب کرتا ہے جو مچھروں کو پسند ہوتا ہے۔
تحقیق کے دوران مچھر اس رنگ کی جانب بھی زیادہ متوجہ ہوئے حالانکہ یہ بہت گہرا رنگ نہیں، تو اس کی جانب بڑھنے کی ابھی واضح وجہ معلوم نہیں بلکہ مزید تحقیقی کام کی ضرورت ہے۔
4 رنگ مچھروں کو بالکل پسند نہیں اور ان رنگوں کے ملبوسات کسی حد تک مچھروں کے حملے سے بچا سکتے ہیں مگر مکمل طور پر نہیں۔
وہ رنگ درج ذیل ہیں۔
نیلا رنگ مچھروں کو پسند نہیں مگر اس حوالے سے یہ خیال رکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ زیادہ گہرا نہ ہو، جیسے نیوی بلیو حرارت جذب کرتا ہے اور مچھروں کی توجہ حاصل کرتا ہے۔
اس کے مقابلے میں ہلکا نیلا رنگ مچھروں کو پسند نہیں۔
نیلے کی طرح سبز رنگ بھی مچھروں کو پسند نہیں اور تحقیق کے دوران سبز دستانے پہن کر مچھروں کی جانب بڑھائے گئے تو دور بھاگ گئے۔
سفید رنگ بھی مچھروں کو پسند نہیں یہاں تک کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ساتھ بھی مچھروں نے سفید اشیا کی جانب بڑھنے سے گریز کیا۔
یہ سب سے مختصر ویو لینتھ والا رنگ ہے اور یہی وجہ ہے کہ مچھر اس کی پروا نہیں کرتے، کیونکہ وہ لانگ ویو لیتنھ رنگوں کو پسند کرتے ہیں۔