خواہش ہے پاکستان میں دوسرے کھیل بھی ترقی کریں،محمد رضوان

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان  نے ٹوئٹر اسپیس پر مداحوں سے گفتگو کی۔

اتوار کے روز  ٹوئٹر اسپیس پر اپنے مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے  محمد رضوان نے کہا کہ  یوم آزادی کا اصل مقصد سمجھنا بہت ضروری ہے، ملک کے ایک ایک شہری کو اپنے وطن کے ساتھ محبت ہے، سب چاہتے ہیں کہ پاکستان دنیا میں دیگر ملکوں کی طرح ترقی یافتہ بن جائے۔

 محمدرضوان نے کہا کہ دل میں ایک دوسرے اور ملک کے لیے محبت قائم ہوجائے تو آسانی پیدا ہوجائے گی جبکہ دین کو سب سے پہلے رکھیں اور دین پر شرمانا نہیں چاہیے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹوئٹر اسپیس پر مداحوں سے گفتگو کی—۔فوٹو: اسکرین شاٹ
 پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹوئٹر اسپیس پر مداحوں سے گفتگو کی—۔فوٹو: اسکرین شاٹ

وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میچ سے قبل ڈریسنگ روم کا ماحول زبردست تھا، مجھے پہلے اندازاہ نہیں تھا کہ کتنا بڑا میچ ہے اس لیے عام میچ کے طور پر لیا اور وہ میچ جیت کر جو محبت ملی وہ بہت زبردست تھی۔

انہوں نے کہا کہ بیٹنگ پوزیشن،کیپنگ گلووز سب کپتان کے فیصلے ہیں،ہمارا کپتان، ہمارا امیر ہے، جو اس کا فیصلہ ہوتا وہ سب کو منظور ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ اب بڑا برانڈ بن چکی ہے،کھلاڑی کو جو عام سسٹم میں 5 سال میں ملتا ، پی ایس ایل سے دو سال میں مل جاتا ہے۔

اس کے علاوہ کامن ویلتھ اور اسلامی یکجہتی گیمز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ایتھلیٹس کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گولڈ میڈل جیتنے والوں کو ایک بار پھر مبارک باد دیتا ہوں،خواہش ہے کہ پاکستان میں دوسرے کھیل بھی ترقی کریں۔

 محمد رضوان نے کہا کہ ہم سب کو مل کر کوشش کرنی ہے کہ دیگر کھیلوں کو بھی پروموٹ کریں،ایک زمانہ تھا کہ ہاکی کے پلیئرز کے نام زبانی یاد ہوتے تھے،ابھی کرکٹرز کو سب کی توجہ ہے مگر انشاللہ جلد دیگر اسپورٹس ترقی پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے مگر عوام سے کہوں گا کہ ہمیں دعاؤں میں یاد رکھیں۔

مزید خبریں :