15 اگست ، 2022
اسلام آباد: عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل سے متعلق انکشاف ہوا ہےکہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر اڈیالہ جیل انتظامیہ اسلام آباد پولیس سےتعاون نہیں کر رہی جب کہ شہبازگل بھی طبی معائنےکے لیے اسلام آباد پولیس کے ساتھ جانے کو تیار نہیں۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہےکہ شہباز گل کے طبی معائنےکے معاملے پر پنجاب حکومت کی ہدایت پر اڈیالہ جیل انتظامیہ اسلام آباد پولیس سےتعاون سےگریزاں ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق قانون کے تحت اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کا طبی معائنہ کروانا ہے، بتایا جا رہا ہےکہ شہبازگل طبی معائنےکے لیے اسلام آباد پولیس کے ساتھ جانے کو تیار نہیں۔
خیال رہےکہ شہباز گل کو طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل سے پمز اسلام آباد منتقل کیا جانا ہے۔
کچھ دیر قبل شہباز گل سے ملاقات کے لیے تحریک انصاف کا وفد اڈیالہ جیل آیا تھا تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے جیل انتظامیہ نے شہبازگل سے ملاقات نہیں ہونے دی، شہبازگل کو طبی معائنےکے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، ہمیں خدشہ ہےکہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کے حکم پر ہماری ملاقات نہیں ہونے دی گئی۔