16 اگست ، 2022
پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دے دی۔
نیدرلینڈز کے شہر روٹرڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 314 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کے آغاز میں اوپنر امام الحق محض دو رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ان کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، فخرزمان 109 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ بابراعظم نے 74 رنز اسکور کیے، شاداب خان نے 28 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نیدرلینڈز کی جانب سے باسڈی لیڈے اور لوگان وین بیک نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
315 رنز کے تعاقب میں نیدر لینڈز کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 298 رنز بناسکی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے وکرم جیت سنگھ اور ٹام کوپر 65 ،65 رنز بناکر نمایاں رہے، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جب کہ محمد وسیم اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، فخرزمان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے، دوسرا میچ 18 اگست اور تیسرا 21 اگست کو کھیلا جائے گا۔