کس رکن کے پارٹی چھوڑنے پر دکھ ہوا؟ منیب بٹ کا لائیو سیشن میں عمران خان سے سوال

آپ کے اسمبلی کے کئی ارکان نے چھوڑ دیا، اگلی بار کیا گارنٹی ہے کہ جن کو آپ ٹکٹ دیں گے وہ آپ کو چھوڑ کر نہیں جائیں گے؟ منیب کا سوال__فوٹو: اسکرین گریب
آپ کے اسمبلی کے کئی ارکان نے چھوڑ دیا، اگلی بار کیا گارنٹی ہے کہ جن کو آپ ٹکٹ دیں گے وہ آپ کو چھوڑ کر نہیں جائیں گے؟ منیب کا سوال__فوٹو: اسکرین گریب

پاکستانی اداکار منیب بٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے دیگر فنکاروں کے ہمراہ لائیو سیشن کے دوران کئی سوالات کیے جس کی ویڈیوز انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔

اپنی بات کا آغاز کرتے ہوئے اداکار نے عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا 'میں آپ کا 2009 سے مداح ہوں جب آپ اقرا یونیورسٹی میں لیکچر دینے آئے تھے، ایم کیو ایم کا مشکل دور بھی گزارا اور آپ کا ساتھ دیا انشاء اللہ آگے بھی دیں گے'۔

منیب نے سوال کیا کہ 'فاشسٹ حکومت جو آپ کو عدلیہ کے ذریعے ایک طرف کرنا چاہ رہی ہے، اگر یہ نہیں کر پاتی اور فاشزم میں اندھی ہوکر یہ آپ کی گرفتاری کی طرف جاتی ہے تو  پی ٹی آئی کو کون لیڈ کرے گا اور کارکنان کے لیے کیا لائحہ عمل ہوگا؟'

اداکار نے دوسرا سوال کیا کہ 'آپ کو اسمبلی کے کئی ارکان نے چھوڑ دیا، اگلی بار کیا گارنٹی ہے کہ جن کو آپ ٹکٹ دیں گے وہ آپ کو چھوڑ کر نہیں جائیں گے اور جو اب تک گئے ان میں سے سب سے زیادہ دکھ کس کے چھوڑ کر جانے پر ہوا؟'

عمران خان نے جواب میں کہا '25 مئی کو جس طرح کا ظلم لوگوں پر کیا گیا، میں نے کبھی پاکستان میں ایسا نہیں دیکھا کہ جن شہریوں پر کوئی مقدمہ نہیں ان کے گھر رات دو دو بجے چھلانگیں مار کے پولیس جارہی ہے، فیملی پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، یہ صرف ایک ڈری ہوئی حکومت کی کوشش ہے'۔

انہوں نے کہا 'یہ ان کے حربے ہیں کہ کسی طرح عمران خان کو غدار بنادیا جائے اور اسے گرفتار کرلیا جائے، غدار وہ بنارہے ہیں جس نے اس ملک کا پیسہ چوری کیا اور باہر اربوں روپے کی پراپرٹی بناکر بیٹھے ہیں'۔

عمران خان نے منیب بٹ کے دوسرے سوال کے جواب میں کہا 'اس مرتبہ پہلی بار ارکان کو میں خود ٹکٹ دوں گا، میں نے سوچا پہلے کیوں نہیں خود ٹکٹ دیے ، اب مجھے تجربہ ہوگیا ہے کہ لوگ ضمیر فروش ہوتے ہیں، جدھر پلڑا بھاری اُدھر چلے جاتے ہیں'۔

کس رکن کی جانب سے پارٹی چھوڑنے پر دکھ کے جواب میں عمران خان نے کہا 'کچھ ارکان ایسے تھے جو کم حیثیت کے تھے اور انہیں 20، 20 کروڑ کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے ناں کردیا جس کی مجھے بے حد خوشی ہے'۔

انہوں نے کہا 'افسوس اس بات کا ہوا کہ کئی لوگ میرے سامنے بیٹھ کر کہتے تھے کہ ہم آپ کے نظریے کے ساتھ ہیں اور جب پیسہ ملا تو وہ  دوسری طرف چلے گئے'۔

مزید خبریں :