19 اگست ، 2022
گوجرانوالہ میں ڈکیتی کے دوران قتل کے واقعہ کا ڈراپ سین ہوگیا جس میں مقتول کی بیوی اور بیٹا ہی قاتل نکلے جنہوں نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرلیا۔
پولیس کے مطابق لدھیوالہ وڑائچ کا رہائشی مظفر بیوی کو مارتا پیٹتا اور بیٹے کو بیرون ملک جانے کیلئے رقم نہیں دیتا تھا، ماں بیٹا مقتول سے تنگ تھے، دونوں نے مل کر اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور رات کو سوتے ہوئے پہلے گلہ دبا کر قتل کیا اور پھر ڈکیتی کا رنگ دینے کیلئے تیز دھار آلے کے وار بھی کیے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کرکے خود ہی پولیس کو بلایا اور بتایا کہ ڈاکو گھر میں داخل ہوئے اور مزاحمت کرنے پر مظفر کو قتل کردیا۔
پولیس نے ماں اور بیٹے کو گرفتار کرکے تفتیش کی جس پر انہوں نے اپنا جرم قبول کرلیا۔