20 اگست ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل پر تشدد الزامات سے متعلق پولیس انکوائری شروع کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر اسلام آباد کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں تفتیشی ٹیم سمیت اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی، اجلاس میں تفتیشی ٹیم کی جانب سے حکام کو عدالتی کارروائی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کی خوراک سے متعلق بھی مکمل نگرانی کی جائے گی جبکہ دوسری جانب پولیس نے تشدد الزامات پر بیانات قلمبند کرنا بھی شروع کر دیے۔ پولیس نے شہباز گل معاملے پر ڈاکٹرز کے بیان بھی لے لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تشدد سے متعلق انکوائری کی نگرانی آئی جی اسلام آباد کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی کو تشدد سے متعلق انکوائری رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے رکھا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ تصاویر اور ویڈیوز میں واضح ہے کہ شہباز گِل کو ذہنی اور جسمانی طور پر تشدد کانشانہ بنایا گیا۔
اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ شہباز گل پر تشدد میں جنسی زیادتی بھی شامل ہے، شہباز گل کو توڑنے کیلئے ذلیل کیا گیا، میرے پاس مکمل تفصیلی معلومات ہیں۔