Time 20 اگست ، 2022
پاکستان

عمران خان کا آئی جی، ڈی آئی جی اسلام آباد پر کیس کرنےکا اعلان، خاتون مجسٹریٹ کو نام لیکر دھمکی

فوٹو: اسکرین گریب/ جیو نیوز
فوٹو: اسکرین گریب/ جیو نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کے خلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پرکیس کرنےکا اعلان کردیا،  دوران خطاب عمران خان نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ کو  نام لیکر دھمکی بھی دی۔

 اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے جو کہا مریم ، نواز شریف، زرداری اور فضل الرحمان اس سے زیادہ بول چکے ہیں، جس طرح شہبا زگل کو اٹھایا گیا، دو دن جو تشدد کیا اور اس طرح رکھا جیسے ملک کا کوئی بڑا غدار پکڑا گیا، اگر شہباز گل کے ساتھ یہ سلوک کر رہے ہیں یہ کسی سے بھی کر سکتے ہیں،  شہبازگل پر تشدد کے ذریعے ہمیں ڈرانے کی کوشش کی گئی۔

چیئرمین  پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی جی، ڈی آئی جی اسلام آباد ہم تم کو نہیں چھوڑیں گے، تم پر کیس کریں گے  اور مجسٹریٹ زیبا چوہدری آپ کو بھی ہم  نے نہیں چھوڑنا، کیس کرنا ہے تم پر بھی، مجسٹریٹ کو پتہ تھا کہ شہباز  پر تشدد ہوا پھر بھی ریمانڈ دے دیا،  بڑے ادب سے سپریم کورٹ کوکہتا ہوں قانون کی حکمرانی پر عمل درآمد آپ کا کام ہے۔

 عمران خان کا کہنا تھا کہ گل کے اوپرکیس ہوسکتا ہے تو فضل الرحمان، نواز شریف اور رانا ثنااللہ اور خواجہ آصف سب پرکیس کریں گے، اسلام آباد پولیس سے پوچھا تو پولیس نے کہا ہم نےکچھ نہیں کیا ہمیں پیچھے سے بوٹ لگا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو قوم کبھی نہیں بھولے گی، 25 مئی کو بچوں اور  عورتوں پر شیلنگ کی گئی، پر امن احتجاج پر دہشت گردی سے دہشت پھیلائی گئی، سب سن لو ہم چوروں کے ٹولے کو تسلیم نہیں کریں گے، یہ ایسا وقت ہے اگر اس خوف کے بت کے سامنے جھک گئے تو  تباہ ہو جائیں گے، دنیا کی تاریخ میں ہےکہ فرعون لوگوں کو خوف کے اوپر غلام بناتے تھے، جو گل کے ساتھ ہوا وہ ہمیں غلام بنانے کے لیے تھا۔

انہوں نے مزیدکہا  چنگیز خان جہاں حملہ کرتا تھا وہاں کھوپڑیوں کے مینار  بناتا تھا، چنگیز خان اس طرح خوف پھیلاتا تھا کہ لوگ لڑے بغیر ہتھیار ڈال دیتے تھے،اس وقت پاکستان میں بھی یہی ہو رہا ہے، خوف پھیلا کر عوام کو غلام بنانےکی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :