21 اگست ، 2022
پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیدرلینڈز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔
207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدر لینڈز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 197 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ٹام کوپر 62 اور وکرم جیت سنگھ 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔
روٹرڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی اننگز
آخری ایک روز ہ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوئی اور پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 206 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم 91 رنز بناکرنمایاں رہے، ان کے علاوہ محمد نواز 27، فخرزمان 26 اور آغا سلمان نے 24 رنز بنائے۔ محمد وسیم 11، زاہد محمود 9، محمد حارث 4 اور نسیم شاہ 3 رنزبنا سکے۔ پاکستان نے نیدرلینڈز کو جیت کے لیے207 رنزکا ہدف دیا ہے۔
نیدرلینڈز کے باس ڈی لیڈا نے تین اور ویویان کنگما نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
نیدرلینڈز کی اننگز
پاکستان کے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم کا آغاز اتنا اچھا نہ تھا، ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی گئیں، تاہم ٹاپ کوپر اور وکرم جیت سنگھ نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں ناکام رہے اور یوں پوری ٹیم آخری اوور میں 197 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ٹام کوپر 62 اور وکرم جیت سنگھ 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم نے 4 شکار کیے۔
یوں پاکستان نے آخری ون ڈے میں نیدرلینڈز کو 9 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
واضح رہے کہ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں آج اوپنر عبداللہ شفیق ڈیبیو کیا۔
عبداللہ شفیق کو ون ڈے ڈیبیو کی کیپ محمد یوسف نے دی، انہیں امام الحق کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو طبیعت ناساز ہونے کے سبب آج کا میچ نہیں کھیل سکیں گے۔