Time 22 اگست ، 2022
پاکستان

مون سون سسٹم سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے، 24 اور 25 اگست کو کراچی میں بارش کا امکان

مون سون سسٹم مغرب کی جانب ہونے سے سندھ میں وسیع پیمانے پر بارش کا باٰعث بن سکتا ہے: سردار سرفراز۔ فوٹو فائل
مون سون سسٹم مغرب کی جانب ہونے سے سندھ میں وسیع پیمانے پر بارش کا باٰعث بن سکتا ہے: سردار سرفراز۔ فوٹو فائل

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ وسطی بھارت میں موجود مون سون سسٹم سندھ پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں 24 اور 25 اگست کو کراچی میں بادل برس سکتے ہیں۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہوا کا شدید کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں وسطی بھارت پر موجود ہے جو بھارتی ریاست راجستھان کی جانب بڑھ رہا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق 23 اگست کو مون سون سسٹم مشرقی سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے، مون سون سسٹم کے زیر اثر کراچی، وسطی و بالائی سندھ اور بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ سسٹم کے دو ٹریک موسمیاتی نقشے دکھا رہے ہیں، پہلے ٹریک میں مون سون سسٹم کا رخ بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب کی جانب بھی ہو سکتا ہے، دوسرے ٹریک میں اس کا رخ مغرب کی جانب بھی ہو سکتا ہے، مغرب کی جانب ہونے پر سسٹم سندھ میں وسیع پیمانے پر بارش کا باٰعث بن سکتا ہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں 24 سے 25 اگست کی شام تک بارش کا امکان رہے گا جبکہ بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں بھی بارشیں ہو سکتی ہیں۔

مزید خبریں :