23 اگست ، 2022
وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز (ایف سی اے) ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین کو بجلی کے بلوں کی مد میں اضافی فیول ایڈ جسٹمنٹ چارجز نہیں دینا پڑیں گے، اس ریلیف کی تفصیلات کل سامنے لائی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیوب ویل والے زرعی صارفین کو بھی فیول ایڈجسٹمنٹ سےاستثنیٰ ہوگا، خرم دستگیرکل پریس کانفرنس میں ایف اےسی کاطریقہ کار بتائیں گے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تاجروں پر سے فکسڈ ٹیکس ختم کیا جا چکا ہے جس کے بعد 42 ارب روپے کا گیپ آئے گا جسے دوسرے ذریعوں سے پورا کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت کی بدترین پرفارمنس سے ملک دیوالیہ تک پہنچ چکا تھا، موجودہ اتحادی حکومت کی کوششوں سے ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکاہے،مہنگائی کو کم کرنے کیلئے دن رات کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں پر فکسڈ ٹیکس ہماری منشا کےخلاف لگایاگیا، فکسڈ ٹیکس لگانے پر کمیٹی قائم کردی ہے جو ذمہ داری کا تعین کرے گی، تاجروں کے اوپر سے ٹیکس ختم کردیا گیا ہے، فکسڈ ٹیکس ختم کرنے سے 42 ارب روپے کا گیپ آئے گا، چھوٹے تاجروں کو مشکل میں نہیں ڈال سکتے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تیل مہنگا منگواتے ہیں تو اگلے ماہ کے بلوں میں ایڈجسٹ کیا جاتا ہے، جولائی اور اگست کے مہینے میں فیول ایڈجسٹمنٹ میں خاصہ اضافہ ہوا، فیول ایڈجسٹمنٹ پر ہم چار پانچ روز سے ورکنگ کر رہے تھے، ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین کو اب فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نہیں دینا پڑیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک کروڑ 30 لاکھ کھاتے پیتے صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ کا جائزہ لے رہے ہیں، استقامت اور ہمت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، خلوص نیت کے ساتھ محنت کرنا ہوگی، میرا دل گواہی دیتا ہے اچھے دن آئیں گے، ماضی میں رونے دھونے سے کوئی فائدہ نہیں۔