23 اگست ، 2022
جینیفر گیونی نامی خاتون نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کی نوجوانی کی تصاویر نیلامی کے لیے پیش کی ہیں۔
جینیفر گیونی ایلون مسک کی پہلی گرل فرینڈ تھیں اور دونوں کا تعلق 1994 میں اس وقت قائم ہوا جب ٹیسلا کے بانی UPenn میں زیرتعلیم تھے۔
یہ تصاویر بھی اسی عہد کی ہیں اور دونوں کا تعلق ایک سال تک برقرار رہا تھا۔
اب جینیفر گیونی ساؤتھ کیرولائنا میں مقیم ہیں اور اپنے سابقہ بوائے فرینڈ کی کامیابیوں کو دیکھ کر انہوں نے اپنے پاس موجود ایلون مسک کی تصاویر کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
48 سالہ جینیفر گیونی کے مطابق وہ نیلامی سے ملنے والی رقم سے اپنے سوتیلے بیٹے کے کالج کی فیس ادا کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایلون مسک سے ان کا تعلق اچھا تو تھا مگر اس میں جذبے کی کمی تھی۔
دونوں کی علیحدگی 1995 میں اس وقت ہوئی جب ایلون مسک ایک اور خاتون Justine کے قریب ہوئے جس سے بعد میں ان کی شادی بھی ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایلون مسک شرمیلی فطرت کے مالک تھے اور اسی چیز نے مجھے ان کی جانب متوجہ کیا۔
جینیفر گیونی کے مطابق اس دور میں بھی ایلون مسک اپنے عزائم اور خیالات پر بات کرتے تھے۔
جب ایلون مسک ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے کیلیفورنیا منتقل ہوئے تو دونوں کا دوستی کا تعلق بھی ختم ہوگیا۔