دنیا
Time 25 اگست ، 2022

امریکا میں خشک سالی سے ڈائنا سور کے پیروں کے 11 کروڑ سال پرانے نشانات دریافت

دریا خشک ہونے پر یہ نشانات سامنے آئے / فوٹو بشکریہ فرینڈز آف ڈائنا سور ویلی اسٹیٹ پارک فیس بک پیج
دریا خشک ہونے پر یہ نشانات سامنے آئے / فوٹو بشکریہ فرینڈز آف ڈائنا سور ویلی اسٹیٹ پارک فیس بک پیج

امریکا کے مغربی حصوں کو شدید خشک سالی کا سامنا ہے مگر اس کا ایک انوکھا اثر ریاست ٹیکساس میں نظر آیا۔

ڈیلاس کے جنوب مغرب میں واقع ڈائنا سور ویلی اسٹیٹ پارک میں خشک سالی کے نتیجے میں زمانہ قدیم کا 'خزانہ' سامنے آگیا۔

اس پارک کی ترجمان نے بتایا کہ شدید قحط سالی کے باعث بیشتر مقامات پر دریا مکمل طور پر خشک ہوگیا جس کے نتیجے میں پارک میں 11 کروڑ سال پرانے ڈائنا سور کے پیروں کے نشانات سامنے آگئے۔

یہ نشانات دریا کے پانی میں چھپے ہوئے تھے / فوٹو بشکریہ فرینڈز آف ڈائنا سور ویلی اسٹیٹ پارک فیس بک پیج
یہ نشانات دریا کے پانی میں چھپے ہوئے تھے / فوٹو بشکریہ فرینڈز آف ڈائنا سور ویلی اسٹیٹ پارک فیس بک پیج

ترجمان کے مطابق عام حالات میں یہ جگہیں پانی کے اندر چھپی ہوتی ہیں اور ان پر کیچڑ ہوتی ہے جس کی وجہ سے انہیں دیکھنا ممکن نہیں ہوتا۔

زیادہ تر نشانات ایک ڈائنا سور Acrocanthosaurus کے ہیں جو 15 فٹ لمبا اور 7 ٹن وزنی ہوتا تھا۔

فرینڈز آف ڈائنا سور ویلی اسٹیٹ پارک نامی ادارے نے فیس بک پیج پر ان نشانات کی تصاویر پوسٹ کی تھیں۔

یہ نشانات زیادہ عرصے تک نظر نہیں آئیں گے کیونکہ اب اس علاقے میں بارشیں ہورہی ہیں اور دریا میں پانی بحال ہونے پر وہ پھر پانی میں چھپ جائیں گے۔

مزید خبریں :