26 اگست ، 2022
دریائے کابل میں اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر خیبرپختونخواکے شہر نوشہرہ میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے بعض آبادیوں کو خالی کرنےکی ہدایت جاری کردی گئی۔
نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنر میر رضا کے مطابق دریائے کابل میں خیالی کے مقام پر اس وقت 2 لاکھ 70 ہزارکیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے اور جیسے جیسے پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا اور اس کی وجہ سے اوور فلو ہو سکتا ہے۔
ڈی سی نوشہرہ کا کہنا تھاکہ نوشہرہ کلاں، خٹکلے،پولیس لائنز،امان گڑھ، دھوبی گھاٹ، عالم گارڈن، عثمانیہ، زڑہ مینہ کے رہائشی بھی اپناعلاقہ فوری چھوڑدیں۔
انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر بھی تین سے چار فٹ پانی آسکتا ہے، اس وقت جو سامان اٹھاسکتے ہیں اٹھائیں، بوڑھوں، خواتین اور بچوں کو نکالیں، رات کے اندھیرے میں لوگوں کو نکالنے میں دشواری ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھاکہ ہوسکتا ہے کہ ہمیں بہت سے علاقوں کی بجلی بھی منقطع کرنی پڑے لہٰذا تمام لوگوں سے گزارش ہے انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ جانیں بچائی جا سکیں۔
انہوں نئے مزید کہا کہ اس وقت جو سیلانی ریلہ آرہا ہے 4 لاکھ کیوسک تک کنفرم ہے، سیلابی ریلہ 4 لاکھ کیوسک سے زیادہ بھی ہوسکتا ہے۔