26 اگست ، 2022
سندھ میں شدید بارشوں کی وجہ سے نوابشاہ میں ریلوے ٹریک کا طویل حصہ زیر آب آگیا ہے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق کراچی سے لگ بھگ 301 کلو میٹر کے فاصلے پر نوابشاہ اور بوچیری اسٹیشن کے درمیان مرکزی ریلوے لائن کے اپ اور ڈاؤن ٹریک زیر آب آگئے ہیں۔
اس کی وجہ سے کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی (اپ اور ڈاؤن) کی تمام ریل گاڑیوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان ریلوے کے حکام موقع پر موجود ہیں جب کہ کراچی آنے اور جانے والی ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنز پر روک لیا گیا ہے۔ ریلوے افسران مقامی انتظامیہ کی مدد سے پانی نکالنے کیلئے کوشاں ہیں۔