26 اگست ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ تاریخ کا حصہ بن گیا، اب نیا دن نیا میچ ہوگا، بھارت کے خلاف میچ میں وہی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔
نائب کپتان نے دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا ہر بولر میچ ونر ہے، دو بولرز انجرڈ ہوگئے ، انجری کسی کے ہاتھ میں نہیں، شاہین آفریدی اور وسیم جونئیر کو مِس کریں گے۔
شاداب نے کہا کہ پلیئنگ الیون کے کھلاڑی جب انجرڈ ہوں تو ٹیم میں کمی محسوس ہوتی ہے، شاہین آفریدی کی طرح کوئی اور بولر ان کی طرح کا اسپیل کرے گا، یہ انفرادی کھیل نہیں ٹیم گیم ہے، دیگر بولرز پر بھی اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف گزشتہ برس کی جیت ماضی کا حصہ ہے، اس میچ کی پازیٹو چیزوں کو لے کر آگے بڑھیں گے، اچھا کریں گے اور جیتیں گے، حسن علی میچ ونر رہے ہیں، اونچ نیچ آتی رہتی ہے، ہمیں ان پر یقین ہے، وہ خود کو میچ ونر ثابت کریں گے۔
شاداب کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے تھے کہ انہیں میچ پریکٹس ملتی لیکن حالات ایسے تھے کہ انہیں اچانک بلانا پڑا، ہم 100 فیصد دینے کی کوشش کرتے ہیں، رزلٹ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، ہم ابھی چیمپئن ٹیم نہیں ہیں، ہمیں ابھی چیمپئن بننا ہے اس کیلئے اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی پچ دیکھی نہیں ہے، اس لیے کنڈیشنز کے بارے میں تبصرہ نہیں کر سکتا، ہم سب کھلاڑی ایک طرح کی کوشش کر کے یہاں پہنچتے ہیں، اس لیے ہم سب ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں، ہم سب کھلاڑی صرف بھارت ہی نہیں سب ٹیموں کے کھلاڑی ملتے ہیں ایک دوسرے کے تجربے سے سیکھتے ہیں۔
نائب کپتان نے کہا کہ پاک بھارت میچ کا دباؤ ہوتا ہے، اس میچ میں اچھی پرفارمنس والے کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے، بائیو سکیور ببل کی اپنی مشکلات تھیں لیکن ہم ایک ٹیم کی بجائے ایک فیملی بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی لیجنڈ ہیں، ہم نہیں چاہتےکہ وہ ہمارے خلاف لمبی اننگز کھیلیں، میری خواہش ہے کہ وہ سنچری کریں لیکن ہمارے خلاف نہیں، ایشیا کپ میں سنچری کریں، وہ اب بھی اچھے پلیئر ہیں، وہ اب بھی ڈراتے ہیں، مجھے ان میں کوئی فرق نظر نہیں آیا، میں چاہتا ہوں کہ ویرات کوہلی لمبی اننگز کھیلیں وہ ایک بڑے کھلاڑی ہیں۔