27 اگست ، 2022
خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ مختلف اضلاع میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ صحت کے پی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل فاروقی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 15 ہزار سے زائد افراد پیٹ، قے، دست اور آنکھوں سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت نے 35 کیمپ لگائے ہیں، کیمپوں میں صحت کا عملہ متاثرین کو طبی امداد فراہم کر رہا ہے۔
ڈاکٹر سہیل فاروقی کا کہنا ہے کہ سانپوں کے کاٹنے کی ویکسین بھی متاثرہ علاقوں میں بھیجی گئی ہیں، تمام کیمپوں کو ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، 50 سے زائد مختلف بیماریوں کی ادویات متاثرہ علاقوں میں بھیجی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں بارش و سیلاب سے مزید 82 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 982 ہو گئی ہے جبکہ 8 لاکھ کے قریب مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔