28 اگست ، 2022
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 148 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستانی ٹیم 20 ویں اوور میں147 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بھارت کے خلاف اہم میچ میں پاکستان کے بیٹر فخر زمان نے اسپورٹس میچ اسپرٹ کی اعلیٰ مظاہرہ کیا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔
اصل میں ہوا کچھ یوں کہ پاکستانی اننگز کے چھٹے اوور میں بھارتی بولر اویش خان نے گیند کروائی جو فخرکے بلے کو معمولی سا چھوتے ہوئے بھارتی کیپر دنیش کارتھک کے ہاتھوں میں گئی۔
بھارتی ٹیم کی جانب سے فوراً اپیل نہیں کی گئی لیکن فخر زمان نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا اور امپائر کے فیصلے سے پہلے ہی کریز چھوڑ دی۔فخر نے کریز چھوڑی تو امپائر نے بھی آؤٹ دے دیا۔
فخر زمان نے 6 گیندوں پر 10 رنز اسکور کیے تھے۔
پاکستانی بیٹر کے اس عمل پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں صادق اور امین قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابقہ کپتان ثنا میر نے فخر زمان کی تعریف کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ' اسٹیڈیم میں اتنے شور میں کسی کو بلے سے گیند لگنی کی آواز نہیں آئی لیکن پھر بھی انہوں نے کریز چھوڑ دی، اتنے اہم میچ میں ایسا کون کرتا؟'
ایک صارف نے لکھا کہ کوئی فخر زمان جتنا ایماندار نہ ہو جبکہ ایک نے کہا کہ سپریم کورٹ کو چاہیے کہ وہ فخر کو صادق امین ڈکلیئر کردے۔
اس کے علاوہ آئی سی سی بھی فخر زمان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکا۔