ایشیا کپ 2022 میں پاکستان اور بھارت کے اور کتنے میچز ہوسکتے ہیں؟

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

متحدہ عرب امارات میں ان دنوں ایشین چیمپئن بننے کیلئے 6 ٹیموں کے درمیان جنگ جاری ہے۔شائقین جہاں بہترین کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں وہیں انہیں اس ٹورنامنٹ میں پاک بھارت میچ کا بھی بے صبری سے انتظار تھا۔

تاہم اتوار کے روز ایشیا کپ کے گروپ میچ میں بھارتی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اب اس ٹورنامنٹ میں شائقین کو دوبارہ پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کو ملے گا یا نہیں؟تو اس کا جواب ہے جی ہاں ضرور اور مزے کی بات یہ ہے کہ ایشیا کپ 2022 میں ایک نہیں بلکہ مزید 2 بار پاکستان اور بھارت کے میچز ہوسکتےہیں۔

پاکستان اور بھارت کے ایشیا کپ میں مزید 2 میچز کیسے ممکن ہیں؟

ایشیا کپ میں خطے کی 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔

بھارت  اپنے پہلے گروپ میچ میں پاکستان کو شکست دے چکا ہے تاہم اپنے دوسرے میچ میں اگر اس نے ہانگ کانگ کو ہرادیا تو بھارتی ٹیم گروپ اے میں پہلی پوزیشن پر آجائے گی۔

دوسری جانب پہلے میچ میں ہار کے بعد اگر پاکستان ٹیم جمعے کو ہونے والے اپنے دوسرے میچ میں ہانگ کانگ کو شکست دے دیتی ہے تو وہ گروپ اے میں دوسرے نمبر پر آجائے گی۔ہانگ کانگ دنوں میچز میں شکست کی صورت میں گروپ میں آخری نمبر پر رہے گا۔

دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔

ایشیا کپ کے شیڈول کے مطابق سپر فور مرحلے میں گروپ اے کی پہلی اور دوسری ٹیم کا میچ 4  ستمبر بروز اتوار کو ہوگا۔

فوٹو:ٹوئٹر
فوٹو:ٹوئٹر

اگر پاکستان اور بھارت اپنے اگلے دونوں گروپ میچز جیت جاتے ہیں تو شائقین اتوار 4 ستمبر کو ایک بار پھر پاک بھارت ٹاکرا دیکھ سکیں گے۔ 

دوسری جانب سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیمیں فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

اگر پاکستانی اور بھارتی ٹیم سپر فور مرحلے میں اپنے 3 میں سے  کم از کم 2 میچز( اچھے رن ریٹ سے)  جیتنے میں کامیاب رہیں تو وہ ممکنہ طور پر پہلی اور دوسری پوزیشن پر پہنچنے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔

رن ریٹ ممکنہ طور پر اس صورت میں اہمیت اختیار کرے گا  جب سپر فور مرحلے میں تیسری ٹیم بھی 3 میں سے 2 میچز جیتنے میں کامیاب رہی۔

اگر پاکستان اور بھارت سپر فور مرحلے میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے تو شائقین ممکنہ طور پر 11 ستمبر کو ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں تیسری بار پاک بھارت ٹاکرا دیکھیں گے۔ 

مزید خبریں :