Time 30 اگست ، 2022
پاکستان

سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے ضلع صحبت پورکے رہائشی حکومتی امداد کے منتظر

ملک کے دیگر علاقوں کی طرح بلوچستان کا ضلع صحبت پور بھی سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے جہاں کے رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ضلع صحبت پور کے علاقے بھنڈ میں زندگی کی آس دم توڑتی نظر آتی ہے، سیلاب میں اپنا گھر اور مال و متاع گنوا دینے والے مکین کسی طرح دونوں اطراف فصلوں کے درمیان موجود سڑک پر تو پہنچ گئے لیکن اب بھی وہ محفوظ نہیں۔

 دونوں اطراف موجود فصلیں کئی فٹ پانی میں ڈوب گئیں ہیں اور اب یہ سیلابی پانی بچی کُھچی سڑک پر غریبوں کی اپنی مدد آپ کے تحت بنائی گئی جھونپڑیوں کے لیے بھی خطرہ بن گیا ہے اور  تھوڑی سی سڑک بھی زیر آب آنے لگی ہے۔

دور دراز علاقہ ہونے کی وجہ سے اب تک یہ متاثرین حکومتی امداد کے منتظر ہیں جب کہ کچھ افراد نقل مکانی کر رہے ہیں، جو اس کی بھی سکت نہیں رکھتے ان میں سے ایک ضعیف العمر شخص عبدالحئی کی فریاد دل دہلا دیتی ہے۔

بزرگ شہری کا کہنا ہےکہ یہاں لوگوں کے پاس نہ راشن ہے، نہ خیمے ہیں اور نہ ہی پینے کا صاف پانی ہے، متاثرین اسی سیلابی پانی کو جس میں جگہ جگہ مویشی مرے ہوئے ہیں پہلے سے موجود پمپس کے ذریعے نکال کر پینے پر مجبور ہیں۔

 مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کے بچے بیمار ہو رہے ہیں، نہ کھانا ہے نہ پانی ہے، اب تو جس سڑک پر تھے وہ بھی زیر آب آنے لگی ہے۔

سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ کئی کئی فٹ سیلابی پانی طے کرتے ہوئے انہوں نے اپنی جانیں تو بچالی ہیں لیکن بھوک، بیماری اور دونوں اطراف سے بڑھتے ہوئے پانی سے اب کیسے اپنے آپ کو  اور اپنے بچوں کو بچائیں گے۔

مزید خبریں :