04 ستمبر ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے 4 مہینے میں ملک کا بیڑا غرق کردیا، یہ صرف کرپشن کیسز ختم کروانے آئے ہیں۔
فیصل آباد میں جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کے مطابق ملک میں برے معاشی حالات کی وجہ حکومتی کرپشن ہے، یہ حکومت کمزور ترین حکومت ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ 4 مہینے میں اس حکومت نے ملک کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے، مہنگائی آسمان پر اور معیشت زمین پر آگئی ہے جن لوگوں نے سازش کرکے ان چوروں کو ہمارے اُوپر مسلط کیا آج قوم ان سے جواب مانگ رہی ہے، قوم کے ساتھ غداری کرنے والوں سے قوم جواب مانگ رہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت صرف اپنے کرپشن کیسز بند کرنے کیلئے اقتدار میں آئی ہے، ملک میں سیاسی استحکام صرف الیکشن سے آئے گا اور یہ الیکشن سے اس لیے بھاگ رہے ہیں کہ یہ نومبر میں اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں۔