کھیل
Time 07 ستمبر ، 2022

ایشیا کپ: نسیم شاہ کے 2 چھکے، افغانستان کو شکست، پاکستان اور سری لنکا فائنل میں پہنچ گئے

فوٹو: افغانستان کرکٹ بورڈ
فوٹو: افغانستان کرکٹ بورڈ

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں  پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان نے افغانستان کا 130 رنز کا ہدف آخری اوور میں نسیم شاہ کے مسلسل 2 چھکوں کی بدولت پورا کیا۔

افغانستان کے 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی9 وکٹیں 118رنز پر گر گئی تھیں، بابر اعظم صفر، فخر زمان 5  اور محمد رضوان 20 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ افتخار 30 اور شاداب خان 36 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

فوٹو:اے ایف پی
فوٹو:اے ایف پی

پاکستان کو6 گیندوں پر 11 رنز درکار تھے،نسیم شاہ نے افغان بولر فضل حق فاروقی کو مسلسل 2 چھکے مار کر پاکستان کو کامیابی دلادی۔پاکستان کی فتح کے بعد سری لنکا بھی سپر فور مرحلے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں پہنچ گیا۔

نسیم شاہ 4 گیندوں پر 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، اس کے علاوہ آصف علی نے 8 گیندوں پر 16 رنز بنائے تھے۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے آج کے میچ کیلئے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ افغانستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔

افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں6  وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ابراہیم زادران 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ  رحمان اللہ 11 گیندوں پر17، حضرت اللہ زازئی 21 ،کریم جنت 15، نجیب اللہ 10 رنز اور کپتان محمد نبی صفر پر پویلین لوٹے۔

اختتامی اوورز میں راشد خان نے 15 گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 129 رنز تک پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2، نسیم شاہ،حسنین، شاداب اور محمد نواز نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

گزشتہ روز ایشیا کپ سپر فور کے میچ میں بھارت کو سری لنکا نے چھ وکٹ سے شکست دی جس کے بعد سپر 4 میں سری لنکا دو میچز میں چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی، پاکستان ایک میچ میں دو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر تھا۔

تاہم پاکستان ٹیم اگر آج ہار جاتی تو  چاروں ٹیمیں فائنل کی دوڑ میں شامل رہتیں پر اب گروپ میں پاکستان اور سری لنکا نے 2،2 میچز میں 4،4 پوائنٹس کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

افغانستان اور بھارت کو مسلسل 2 میچز میں ناکامی ہوئی جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ستمبر کو ایشیا کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :