دنیا
Time 08 ستمبر ، 2022

ملکہ برطانیہ کی طبیعت ناساز، ڈاکٹروں کا ان کی صحت سے متعلق اظہار تشویش

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لندن: ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی طبیعت ناساز ہے اور ڈاکٹروں نے ان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہارکیا ہے۔

برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ ڈاکٹروں کو ملکہ الزبتھ کی طبیعت سے متعلق تشویش ہے اور انہیں ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق پرنس چارلس اور کمیلا پارکر بھی ملکہ برطانیہ کی عیادت کے لیے پہنچ گئے ہیں، ان کے علاوہ ڈیوک اور ڈچز آف کیمرج پرنس ولیم  اور کیٹ مڈلٹن بھی ملکہ کی عیادت کے لیے  بالمورال شاہی محل میں موجود ہیں۔

دوسری جانب برطانوی پارلیمنٹ نے  ملکہ کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، اسپیکربرطانوی پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ ملکہ الزبتھ کی صحت کے لیے دعا گو ہیں۔

نومنتخب برطانوی وزیراعظم  لزٹرس کا کہنا ہےکہ برطانیہ بھر کے عوام کو ملکہ کی صحت سے متعلق خبرپر تشویش ہے، میری اور برطانوی عوام کی دعائیں ملکہ برطانیہ اور  ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

خیال رہےکہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی عمر 96 سال ہے، فروری میں  ملکہ الزبتھ نے اعلان کیا تھا کہ ان کے بعد شہزادہ چارلس بادشاہ اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر ملکہ برطانیہ ہوں گی۔

مزید خبریں :