Time 10 ستمبر ، 2022
کھیل

فنڈز کی کمی، اسنوکر میں پاکستان نمبر ون 2 بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت سے محروم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

فنڈز کی کمی کی وجہ سے ایشین اور ورلڈ 6 ریڈز اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے صرف دو کھلاڑی ہی حصہ لے سکیں گے جب کہ  پاکستان نمبر ون محمد سجاد ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئے۔

پاکستان بلیئرڈز  اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے مطابق ایشین 6 ریڈز اسنوکر چیمپئن شپ 25 سے 28 ستمبر جب کہ ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ 26 ستمبر سے 9 اکتوبر تک ملائیشیا میں کھیلی جائے گی۔

 ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی احسن رمضان اور  بابر مسیح کریں گے، دونوں کھلاڑی چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے اخراجات خود برداشت کریں گے، پی بی ایس اے نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی ہےکہ فنڈز ملنےکی صورت میں کھلاڑیوں کو  رقم واپس کردی جائےگی، تاہم قومی چیمپئن محمد سجاد اور حارث طاہر فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ایونٹ میں شریک نہیں ہوسکے۔

 پی بی ایس اے کے ذرائع کے مطابق ایسوسی ایشن پاکستان اسپورٹس بورڈ سے اب تک اپنی سالانہ گرانٹ کی منتظر ہے، پی بی ایس اے کو  امریکا میں ہونے والے ورلڈگیمز میں شرکت کے اخراجات بھی ادا نہیں کیےگئے۔

 پی بی ایس اے کے پاس اپنے فنڈز بھی نہیں کہ کھلاڑیوں کو ٹورز پر بھیجا جاسکے اس لیے سیلف فنانس کی بنیاد پر ایشین اور عالمی چیمپئن شپ میں پلیئرز شریک ہوں گے۔

مزید خبریں :