11 ستمبر ، 2022
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں سری لنکا کے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سست بیٹنگ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے محمد رضوان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا پاکستان کو شکست دے کر چھٹی بار ایشین چیمپئن بن گیا۔سری لنکا کے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز مقررہ 20 اوورز میں147رنز بناسکے۔
فائنل میں محمد رضوان نے 49 گیندوں پر 55 رنز بنائے جو ٹیم کو کامیابی بھی نہ دلواسکے۔
سوشل میڈیا صارفین نے سست بیٹنگ کرنے پر محمد رضوان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں خود غرض کھلاڑی قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ' رضوان صرف اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کیلئے کھیلتے ہیں، جیسے ہی ان کے 50 رنز مکمل ہوجاتے ہیں پھر وہ تیز کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوجاتے ہیں۔170 رنز کے تعاقب میں آپ 49 گیندوں پر 55 رنز نہیں بناسکتے'۔
ایک اور صارف نے فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار ، خراب کپتانی، بیٹنگ آرڈر اور رضوان کی سست بیٹنگ کو قرار دیا۔
واضح رہے کہ محمد رضوان کی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔اس کے علاوہ افتخار احمد نے بھی 31 گیندوں پر صرف 32 رنز بنائے۔