12 ستمبر ، 2022
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فی یونٹ بجلی 4 روپے 34 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق بجلی مہنگی کرنےکی منظوری جولائی کی فیول ایڈجسٹمنٹ مد میں دی گئی اور جولائی فیول ایڈجسٹمنٹ کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا بجلی صارفین پر69ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک پر نہیں ہوگا۔
دوسری جانب نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق جولائی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مہنگی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فی یونٹ بجلی 4 روپے 34 پیسے مہنگی کی گئی ہے اور بجلی کی قیمت میں اضافہ ستمبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 300 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے بجلی کے صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ریلیف دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔