13 ستمبر ، 2022
بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید 8 اموات کی تصدیق کے بعد صوبے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 278 ہوگئی۔
پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید8 اموات رپورٹ ہوئیں،6 مرد اور 2 خواتین کی اموات ضلع جھل مگسی سے سامنے آئیں۔
بلوچستان میں یکم جون سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 278 ہوگئی ہے ،جاں بحق ہونے والوں میں 132 مرد 63 خواتین اور83 بچے شامل ہیں۔
صوبے میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 172 افراد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ سیلابی ریلوں اور بارشوں سے مجموعی طور پر بلوچستان میں 64 ہزار 385 مکانات نقصان کا شکار ہوئے تو وہیں 2 لاکھ 70 ہزار 444 سے زائد مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر دو لاکھ ایکڑ زمین پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا،صوبے میں سیلابی ریلوں میں 22 پل گر گئے جبکہ2 ہزار 200کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔