13 ستمبر ، 2022
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی گئی، کابینہ نے حجاج کو اضافی رقم واپس کرنے کی بھی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے حجاج کو اضافی رقم واپس کرنے کی منظوری دی اور حجاج کو فوری رقم واپس کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھی مسترد کردی۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں حکومتی کوٹے پر حجاج کی اوور بکنگ کے معاملے کی انکوائری رپورٹ پر بحث کی گئی، کمیٹی میں وزارتِ خزانہ، وزارتِ مذہبی امور اور اسٹیٹ بینک کے نمائندے بھی شامل تھے۔
کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ اوور بکنگ کے معاملے میں مفاہمت کے مسائل تھے، کسی قسم کی بدنیتی کے ثبوت نہیں ملے، بینکوں کی طرف سے حجاج کو معاوضے کی رقم ادا کردی گئی ہے۔
اس پر وزیراعظم نے کہا کہ بینکوں سے یہ ضرور پوچھا جائے کہ اُنہوں نے اس معاملے میں لاپرواہی سے کام کیوں لیا؟
سیلاب زدہ علاقوں میں چھٹی والے دن بھی بینک کام کریں، وزیراعظم
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت دی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں چھٹی والے دن بھی بینک کام کریں۔
علاوہ ازیں جن ممالک سےقانونی مددکا معاہدہ نہیں ان کی مشترکہ قانونی مددکی درخواستیں قبول کرنےکی سمری بھی منظور کرلی گئی، سمری وزارتِ داخلہ کی جانب سے دی گئی تھی۔
10 ادویات پر ریٹیل پرائس بڑھانے کی سمری مسترد کردی گئی
اعلامیے کے مطابق وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز کی 10 ادویات پر ریٹیل پرائس بڑھانے کی سمری مسترد کردی گئی ،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی قطعی حمایت نہیں کرتا۔
اس کے علاوہ الیکٹرک پنکھوں کیلئے کم ازکم انرجی پرفارمنس اسٹینڈرڈز کی معیادمیں 30 جون 2023 تک توسیع کردی گئی، وزیراعظم نے کہا کہ 30 جون سے پہلے کم ازکم انرجی پرفارمنس اسٹینڈرڈز بہتر کوالٹی پر لانے کی کوشش کی جائے۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 2 ستمبرکےاجلاس کےفیصلوں کی توثیق بھی کی، بائیو اسٹڈی رولز 2017 کے رول 13 میں ترمیم کی منظوری دی گئی، امیگریشن آرڈیننس 1979 کے سیکشن 15 میں ترمیم کی منظوری دی گئی اور گیس تھیفٹ اینڈ ریکوری ایکٹ2016 میں ترمیم کی منظوری بھی دے دی گئی۔
افغانستان میں 3 پاکستانی اسپتالوں کیلئے رقم کی افغان حکومت کو منتقلی کی منظوری
اعلامیے کے مطابق پاسکو کے مقامی اور درآمد شدہ گندم کے اسٹاک کی تقسیم کی منظوری دی گئی، افغانستان میں 3 پاکستانی اسپتالوں کیلئے رقم کی افغان حکومت کو منتقلی کی منظوری بھی دی گئی۔
اس کے علاوہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کیلئے3 ارب روپے کے فنڈز مختص کردیے گئے، گندم کی قیمت کے تعین اوریوریا کی تقسیم پرصوبوں کےدرمیان ہم آہنگی کیلئے مفتاح اسماعیل، طارق بشیرچیمہ، فیصل سبزواری، قمر زمان کائرہ اور نوید قمر کو ٹاسک دے دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے 54 کروڑ روپے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔