Time 14 ستمبر ، 2022
دنیا

ملکہ الزبتھ کا تابوت لے جانیوالی پرواز کے فلائٹ ٹریکنگ کے اعدادو شمار نے ریکارڈ قائم کر دیا

آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی میت خصوصی طیارے میں ایڈنبرا سے نارتھولٹ کے لیے روانہ کی گئی—فوٹو: غیر ملکی میڈیا
آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی میت خصوصی طیارے میں ایڈنبرا سے نارتھولٹ کے لیے روانہ کی گئی—فوٹو: غیر ملکی میڈیا 

آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی میت خصوصی طیارے میں ایڈنبرا سے نارتھولٹ کے لیے روانہ کی گئی تو طیارے کے آن ہونے کے پہلے ہی منٹ میں دنیا بھر سے 60 لاکھ سے زائد لوگوں نے اس پرواز KRF01R کو ٹریک کیا۔ 

اس خصوصی پرواز کے لیے رائل ایئر فورس کا بوئنگ سی17 اے طیارہ استعمال کیا گیا۔ ملکہ الزبتھ دوم کی آخری پرواز کے حوالے سے فلائٹ ٹریکنگ کے اعدادوشمار نے ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ 

فلائٹ ریڈار کے مطابق بوئنگ سی 17 اے کے ٹرانسپونڈر کے آن ہونے کے ایک منٹ میں 60 لاکھ  لوگوں نے پرواز کو فالو کرنے کی کوشش کی۔ اس کوشش نے بدقسمتی سے فلائٹ ریڈار کے پلیٹ فارم کے استحکام کو متاثر کیا۔

ریڈار انتظامیہ کے مطابق ملکہ کے طور پر اپنی پہلی پرواز کے 70 سال بعد ملکہ الزبتھ دوم کی آخری پرواز فلائٹ ریڈار کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹریک کی جانے والی پرواز ہے۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

انتظامیہ کے مطابق انہوں نے اپنی سائٹ پر نئے صارفین کو شامل کرنے کی شرح کو محدود کرنے کے لیے اضافی پلیٹ فارم کنٹرولز کو فعال کیا۔ پرواز کے دوران 4.79 ملین لوگوں نے پرواز کے ایک حصے کو فالو کیا جبکہ  فلائٹ ریڈار منتظمین نے پرواز سے متعلق 76.2 ملین یوزرز کی درخواستوں پر کارروائی کی۔ پرواز کی مقبولیت کی بناپر فلائٹ ریڈار نے ایڈنبرا سے نارتھولٹ تک ملکہ الزبتھ دوم کے تابوت کو لے جانے والی پرواز کا پلے بیک بھی سوشل میڈیا پر ریلیز کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔

تاہم اب ملکہ الزبتھ کے تابوت کو بکنگھم پیلس پہنچا دیا گیا ہے اس موقع پر ملکہ کے تابوت والی گاڑی جہاں جہاں سےگزری اس کے اطراف ٹریفک رک گیا،تابوت بکنگھم پیلس پہنچنےپرشہریوں نے پھول نچھاور کر کے ملکہ سے عقیدت کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :