بھارتی صحافی نے علی ظفر کو رچا چڈھا کا دلہا بنا دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ رچا چڈھا اور  اداکار علی فضل کی شادی آئندہ ماہ ہونے جا رہی ہے لیکن اس حوالے سے بھارتی صحافی نے ایک بڑی غلطی کر دی۔

بھارتی نیوز چینل کے نیوز ایڈیٹر اور صحافی پرشانت جین نے ٹوئٹر پر دونوں اداکاروں کی شادی کی خبر شیئر کی لیکن ان سے ایک بڑی غلطی ہوگئی۔

پرشانت جین نے اپنی ٹوئٹ میں رچا چڈھا اور علی فضل کی شادی کی تاریخ کے حوالے سے بتایا لیکن انہوں نے علی فضل کی جگہ پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کو مینشن کر دیا۔

 
فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

صحافی کی ٹوئٹ کو رچا نے فوراً ری ٹوئٹ کیا اور یاددہانی کرائی کہ علی ظفر پاکستانی گلوکار و اداکار ہیں جو پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں، غلطی کا احساس ہونے پر پرشانت جین نے فوری غلطی کی تصحیح کی۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق تقریباً 10 سال سے زائد عرصہ ساتھ رہنے کے بعد بالآخر علی فضل اور رچا چڈھا اگلے ماہ اکتوبر کی 6 تاریخ کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

 دونوں اداکار 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے تھے لیکن کورونا وبا کی وجہ سے ان کی شادی ملتوی ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :