کھانے کا وقت ذہنی صحت کے لیے کس حد تک اہم؟

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

رات کا کھانا دن میں ہی کھالینا ڈپریشن یا انزائٹی جیسے امراض کا خطرہ کم کرتا ہے۔

یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

تحقیق کے مطابق جب رات گئے تک جاگنے سے جسم کی اندرونی گھڑی متاثر ہوتی ہے تو اس سے مزاج اور جذباتی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

امریکا کے بریگھم اینڈ ویمنز ہاسپٹل کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کھانے کے اوقات بھی ذہنی صحت پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں نائٹ شفٹ کرنے والے افراد میں دن اور رات کے وقت کھانے کی عادت کے اثرات کا موازنہ صرف دن کے وقت کھانے والے افراد سے کیا گیا۔

محققین نے دریافت کیا کہ دن اور رات دونوں اوقات غذا تناول کرنے والے افراد میں ڈپریشن کا خطرہ 26 فیصد جبکہ انزائٹی کا خطرہ 16 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

اس کے مقابلے میں صرف دن میں کھانا کھانے والے افراد کی ذہنی صحت پر منفی اثرات دریافت نہیں ہوئے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کھانے کا وقت بھی مزاج پر اثرانداز ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج میں ایسے شواہد فراہم کیے گئے ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ کھانے کا وقت ذہنی صحت کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کرکے یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ کھانے کے اوقات میں تبدیلی سے ڈپریشن یا انزائٹی کی روک تھام میں کس حد تک مدد ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھانے کا وقت جسمانی صحت پر اثرانداز ہونے والے ایک اہم پہلو کے طور پر سامنے آیا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :