دنیا
Time 15 ستمبر ، 2022

آنجہانی ملکہ برطانیہ کے تابوت کی حفاظت پر مامور گارڈ سلامی کے دوران بیہوش

آنجہانی ملکہ برطانیہ کے تابوت کی حفاظت پر مامور محافظ رائل گارڈز کی جانب سے سلامی پیش کیے جانے کے دوران بیہوش ہو  کر گر پڑا۔

8 ستمبر کو 96 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہونے والی ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کا سلسلہ جاری ہے اور ملکہ برطانیہ کا تابوت بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹر ابے منتقل کر دیا گیا ہے۔

ویسٹ منسٹر ہال میں ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے برطانوی فوج کی جانب سے پریڈ کی گئی اور ہائیڈ پارک میں توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔ دعائیہ تقریب میں بادشاہ چارلس سوئم اور شاہی خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔

ملکہ کے تابوت کو ایک پوڈیم پر اونچے مقام پر رکھا گیا ہے جس کی حفاظت پر سوورن باڈی گارڈز یونٹ ہاؤس ہولڈ ڈویژن کا عملہ 24 گھنٹے تعینات ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی رائل گارڈز کا دستہ ملکہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آگے بڑھتا ہے تو پوڈیم پر کھڑا گارڈ اچانک سے بیہوش ہو کر نیچے گر جاتا ہے جسے قریب ہی کھڑا دوسرا محافظ دوڑتا ہوا آکر ہوش میں لانے کی کوشش کرتا ہے۔

مزید خبریں :