15 ستمبر ، 2022
بھارتی ریاست اترپردیش میں دو کم عمر بہنوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرکے لاشیں درخت سے لٹکا دی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اترپردیش کے ضلع لکھیم پور میں پیش آیا جہاں دو بہنوں کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا اور پھر لاشوں کو درخت سے لٹکا دیا گیا، زیادتی کے بعد قتل کا نشانہ بننے والی بہنوں کی عمریں 15 اور 17 برس تھیں۔
پولیس کے مطابق لڑکیوں کے اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ دونوں کم عمر بہنوں کو اغوا کرکے ہوس کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے خاندان والوں کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق مزید کارروائی کے لیےدونوں بہنوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی گئیں ہیں اور تفتیش کے لیے 6 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
زیادتی کے واقعے کے بعد مقامی افراد اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاج بھی ریکارڈ کروایا گیا اور مظاہرین کی جانب سے لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے والوں کو پھانسی دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔