17 ستمبر ، 2022
بالی وڈ کے ہدایتکار پرکاش جھا نے صف اول کے اداکاروں کو ‘گٹکے’ کے اشتہارات میں کام کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایتکار پرکاش جھا نے ٹی وی انٹرویو میں کسی اداکار کا نام لیے بغیر کہا کہ صف اول کے اداکار میری فلموں میں کیوں کام کریں گے؟ جب انہیں گٹکے کے اشتہار کیلئے 50 کروڑ روپے مل رہے ہیں اور وہ گٹکے بیچ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ کئی شہروں میں صف اول کے اداکاروں کے گٹکے کے اشتہارات کے ہوڈنگ بورڈز لگے ہوئے ہیں۔
ہدایتکار نے بتایا کہ ایک اسکول میں جانا ہوا تو پرنسپل نے بھی گٹکے سے متعلق شکایت کی اور کہا کہ تم لوگ فلم انڈسٹری میں کیا کر رہے ہو؟ ہمارے اسکول کے بچے گٹکا کھاتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ کئی عرصے سے کسی بڑے اداکار کے ساتھ کوئی فلم نہیں کی ہے، جب اداکار گٹکے بیچنے سے زیادہ جاندار کردار پر کام کرنا چاہیں گے تو خود ہی میرے پاس آجا ئیں گے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان، اکشے کمار اور اجے دیوگن کو مداحوں کی جانب سے تمباکو برانڈ کی تشہیر پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔