Time 17 ستمبر ، 2022
پاکستان

عمران خان اسلام آباد سے خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر میں چارسدہ پہنچے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے چارسدہ جلسے میں پہنچنے کیلئے خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان اسلام آباد سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کے ہمراہ ہیلی کاپٹر میں چارسدہ پہنچے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ محمود خان پارٹی میٹنگ میں شرکت کیلئے ہیلی کاپٹر میں اسلام آباد گئے تھے جہاں سے وہ عمران خان کے ہمراہ ہیلی کاپٹر میں چارسدہ گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کے اختتام پر عمران خان سڑک کے راستے بنی گالا روانہ ہوگئے اورمحمود خان چارسدہ سے پشاور چلے گئے۔

اس حوالے سے صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ کی صوابدید ہے کسے ہیلی کاپٹرمیں بٹھاتے ہیں؟ نئے قانون کے تحت وزرا، سیکرٹریزبھی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں جلسوں، سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کے استعمال کا سخت نوٹس لے لیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوامیں جلسوں میں سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹرکابےدریغ استعمال کیاجارہاہے، اس حوالے سے اہم اجلاس 19 ستمبر 2 بجے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ہوگا۔

مزید خبریں :