18 ستمبر ، 2022
انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے خود کو ہیکر قرار دینے والے ایک شخص سام کیوری کے اکاؤنٹ میں ڈھائی لاکھ ڈالرز بغیر کسی وجہ کے جمع کرادیے۔
سام کیوری نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ گوگل کی جانب سے اگست میں پراسرار طور پر 2 لاکھ 49 ہزار 999 ڈالرز اس کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے اور اسے معلوم نہیں کہ ٹیکنالوجی کمپنی نے اتنی بڑی رقم کیوں ادا کی۔
ٹوئٹ میں سام کیوری نے کہا کہ گوگل کی جانب سے رقم جمع کرائے کئی ہفتے ہوگئے مگر اب تک اس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
سام کیوری نے کہا کہ اگر کمپنی چاہتی ہے کہ وہ یہ رقم اپنے پاس رکھے تو کوئی مسئلہ نہیں۔
اس ہیکر نے اب تک رقم خرچ نہیں کی بلکہ اکاؤنٹ میں رکھی ہوئی ہے تاکہ گوگل واپس لینے کی کوشش کرے تو کوئی مسئلہ نہ ہو۔
ایک انٹرویو کے دوران سام کیوری نے خیال ظاہر کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ گوگل نے غلطی سے اتنی بڑی رقم اکاؤنٹ میں منتقل کی اور یہ بات صحیح ثابت ہوئی۔
گوگل کے ایک ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ انسانی غلطی کے باعث ہماری ٹیم نے حال ہی میں غلط پارٹی کو رقم ادا کردی، اس غلطی کو ٹھیک کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی کی جانب سے رقم کو واپس لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سام کیوری نے اس حوالے سے کہا کہ وہ یہ جاننا چاہتا ہے کہ گوگل کی جانب سے اس طرح کی غلطیاں کیسے کی جاتی ہیں اور کمپنی کی جانب سے ایسی غلطیوں کی روک تھام کے لیے کونسے سسٹم کو استعمال کیا جاتا ہے۔