انٹرنیشنل ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن (آئی ایچ آر ایف) نے الزام لگایا ہے کہ یہ ایک بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم ہے جو 2004 سے کام کر رہی ہے
22 ستمبر ، 2022
سابق وزیراعظم عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو فروغ دینے میں بہت گہری دلچسپی لی ہے۔
انٹرنیشنل ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن (آئی ایچ آر ایف) نے الزام لگایا ہے کہ یہ ایک بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم ہے جو 2004 سے کام کر رہی ہے، اس کے ٹوئٹر بائیو بیان کرتی ہے کہ "انسانی حقوق کے حصول، نشریات اور تعلیم کے لئے پرعزم" لیکن ان دو دہائیوں میں، آئی ایچ آر ایف کئی تبدیلیوں سے گزری، جس میں بار بار اپنا نام اور جگہ تبدیل کرنا بھی شامل ہے۔
نہ تو اس کی ویب سائٹ اور نہ ہی اس کا بورڈ آف ٹرسٹی اس بارے میں کوئی وضاحت پیش کرتا ہے کہ یہ تنظیم کہاں رجسٹرڈ ہے، یہ کیا کام کرتی ہے یا اس کی فنڈنگ کیسے کی جاتی ہے؟ اس کے باوجود، یہ انسانی حقوق کے گروپ کے طور پر میڈیا آؤٹ لیٹس اور سوشل میڈیا صارفین کو بے وقوف بنا رہی ہے۔
اس تنظیم نے اس سال پاکستان میں اس وقت کافی شور مچایا جب اس نے عمران خان کی سیاسی جماعت کے ساتھ ساتھ صحافیوں، سیاست دانوں اور ٹیلی ویژن اینکرز کی تشہیر شروع کردی جو خان کے بہت نزدیک سمجھے جاتے ہیں، ایک ایسا اقدام جسے انسانی حقوق کی دوسروی تنظیموں سے مخلتف سمجھا جاتا ہے جو غیر سیاسی ہیں۔
اپنی ویب سائٹ پر، آئی ایچ آر ایف اپنے ایڈریس کو اس طرح سے درج کرتی ہے:
"35 W 31st Street Frnt 1, New York, NY 10001, USA۔"
لیکن، گوگل اس جگہ کی بجائے نیویارک میں FedEx شپنگ سینٹر ہونے کا اشارہ کرتا ہے اس کے علاوہ دوسرے اور تضادات بھی ہیں۔
2009 میں، آئی ایچ آر ایف ٹو ئٹر پر "Derechos Humanos" کے نام سے بدل گئی اور یہ دعویٰ کیا کہ وہ جینیوا، سوئٹزرلینڈ میں واقع ہےجبکہ اس کی ویب سائٹ اسپین میں رجسٹرڈ تھی۔
پھر 2011 میں، اس نے اپنی جگہ کو "دنیا بھر میں" میں تبدیل کرتے ہوئے اپنا نام تبدیل کر لیا۔ اس کا ویب پیج بھی بدل کر ہندوستان میں رجسٹرڈ ہو گیا، (fundacion.in)
2019 میں، اس نے دوبارہ اپنا نام تبدیل کر لیا۔ اس بار اس نے خود کو "انٹرنیشنل فاؤنڈیشن فار ہیومن رائٹس" کہلایا، جو اسپین، برسل اور میکسیکو میں واقع تھی، اس نے مزید اپنے ٹوئٹر بائیو پر ایک ہسپانوی فون نمبر (+34910053022) مہیا کیا۔
اب، یہ نیویارک، ریاست ہائے متحدہ میں واقع "انٹرنیشنل ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن" کے نام سے قائم ہے۔
آئی ایچ آر ایف کی ویب سائٹ کے مطابق، اس تنظیم نے 2004 میں کام شروع کیا اور اب یہ 15 ممالک میں موجود ہے لیکن اس کے ویب پورٹل پر یہ صرف 9 ممالک کی فہرست درج ہے، جہاں اس کا دعویٰ ہے کہ اس کے نمائندے ہیں، اس کے دفاتر کا کوئی پتہ یا رابطے کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں ۔
صرف یہی نہیں، انسانی حقوق کے جاری یا مکمل ہونے والے منصوبوں، فنڈنگ، آڈٹ رپورٹس، عطیہ دہندگان، شراکت داروں اور تنظیم کی جانب سے کیے گئے کسی بھی تحقیقی کام کی ویب سائٹ پر کوئی معلومات نہیں ہیں۔
اپنے ویب پیج پر آئی ایچ آر ایف یہ بتائے بغیر عطیات مانگتی ہے کہ فنڈز کس پروجیکٹ کے لیے استعمال ہوں گے۔
ابھی تک واضح نہیں ہے کہ یہ این جی او کس ملک میں رجسٹرڈ ہے۔ لیکن ہندوستان میں اسی نام سے ایک تنظیم رجسٹرڈ ہے جس کے ڈائریکٹر "تروشل ہریش چاوڈا" کے نام سے درج ہیں۔
بہرحال، آزادانہ طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ کیا یہ دونوں این جی اوز آپس میں جڑی ہوئی ہیں یا دونوں صرف ایک ہی نام استعمال کر رہی ہیں۔
مزید معلومات کے لیے، جیو فیکٹ چیک نے آئی ایچ آر ایف کے صدر کے طور پر درج ماریہ کلاڈیا کیمبی، نائب صدر ایڈگارڈو گیبریل ابرامووچ اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے رکن فرید عثمان بینٹریا سے رابطہ کیا، کسی نے بھی تنظیم اور اس کے کام کے بارے میں کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔
جیو فیکٹ چیک نے ویب سائٹ پر درج امریکی نمبر پر بھی کال کی، کسی نے جواب نہیں دیا۔
اس کے بعد ٹیم نے آئی ایچ آر ایف کے واٹس ایپ نمبر پر سوالات بھیجے لیکن صرف مندرجہ ذیل جواب موصول ہوا:
"آپ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن سے رابطہ کر رہے ہیں، ہم بالکل تمام پیغامات پڑھتے ہیں، حالانکہ ہمیں جواب دینے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ ہم آپ کی آن لائن پرائیویسی کو محفوظ رکھنے کے لیے تکنیکی اقدامات کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، ہم کیسے آپ کی مدد کر سکتے ہیں؟"
اس رپورٹ کے مکمل ہونے تک کوئی فالو اپ نہیں ہوا۔
ٹوئٹر پر، اس تنظیم کا ایک تصدیق شدہ ہینڈل، @Declaracion، اور 800,000 سے زیادہ فالوورز ۔ اس نے اکتوبر 2009ء میں ٹوئٹر جوائن کیا۔ اس کے باوجود پاکستان کے بارے میں اس کی پہلی ٹوئٹس میں سے ایک 14 اگست 2022ء کو پوسٹ کی گئی۔
ٹوئٹ میں اس نے پاکستانی عوام کو ان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔
دوسری بار اس نے پاکستان کے بارے میں 21 اگست کوٹوئٹ کیا۔ اس دن، اس نے پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جواب دینے کا انتخاب کیا، سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی تقریر کے بعد آن لائن اسٹریم کیا گیا۔
ٹوئٹ کے ذریعے، آئی ایچ آر ایف نے لکھا کہ اس نے خان کی تقریر کو "احترام کے ساتھ سنا" اور پھر دعوت دینے پر علی ملک نامی سوشل میڈیا صارف کا شکریہ ادا کیا، ملک سوشل میڈیا پر اپنی شناخت خان کے حامی اور ویڈیو بلاگر کے طور پر کرتا ہے۔
اس کے بعد پاکستان کے حوالے سے اس کی زیادہ تر ٹوئٹس سیاسی رہی ہیں، خاص طور پر ایک سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے۔
کچھ ٹوئٹس میں، اس نے پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ اور اس کے عہدیداروں کو براہ راست ٹیگ کیا ہے، باقی ٹوئٹس میں، اس نے عمران خان کے بارے میں خبروں کے آرٹیکلز کو فروغ دیا ہے، ساتھ ہی اس ٹیلی تھون کو بھی فروغ دیا ہے جو انہوں نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لئے عطیات جمع کرنے کے لئے منعقد کی تھی۔
آئی ایچ آر ایف حسب معمول مندرجہ ذیل صحافیوں اور ٹی وی اینکرز: ارشد شریف، عمران ریاض خان اور جمیل فاروقی اور پی ٹی آئی کے سیاستدانوں، یعنی حلیم عادل شیخ اور شہباز گل کی حمایت میں ٹوئٹ کرتا ہے۔
دوسری سیاسی جماعتوں کے سیاستدانوں کے لیے اب تک ایسی کوئی ٹوئٹ نہیں کی گئی۔
ایک ٹوئٹ میں تنظیم نے اینکر ارشد شریف کی برطرفی کی مذمت کی اور لکھا کہ انہوں نے "ایک اچھے پیشہ ور، تنقیدی شہری اور فکری طور پر ایماندار ہونے کا ثبوت دیا ہے۔" بعد میں اس نے شریف کے یوٹیوب چینل کو پروموٹ کیا، لوگوں سے کہا کہ "دیکھیں اور سبسکرائب کریں"۔
14 اگست سے 12 ستمبر کے درمیان، آئی ایچ آر ایف نے پاکستان کے بارے میں 45 بار ٹوئٹ کیا، جن میں سے 33 ٹوئٹس براہ راست پی ٹی آئی یا اوپر بیان کی گئی میڈیا شخصیات کے بارے میں ہیں۔
حال ہی میں، انسانی حقوق کی مبینہ تنظیم نے ایک آن لائن سروے بھی کیا جس میں لوگوں سے ووٹ ڈالنے کے لیے کہا گیا کہ "اگر آج (پاکستان میں) الیکشن ہوتے تو آپ کس پارٹی کو ووٹ دیتے؟" آپشنز میں پی ٹی آئی، مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی شامل ہیں۔
اس نے بعد میں ایک نوٹ بھی شامل کیا کہ وہ اپنے اگلے سروے میں قدامت پسند تحریک لبیک پاکستان کو شامل کرے گی۔
ابھی حال ہی میں انسانی حقوق کی مبینہ تنظیم نے حکومت پاکستان پر "جھوٹ" پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے جبکہ ایک الگ ٹویٹ میں اس نے پاکستان کے وزیر اعظم پر ملک میں "آمریت" مسلط کرنے کا الزام لگایا۔
جیو فیکٹ چیک کو، آج تک، یہ تجویز کرنے کے لیے کچھ نہیں ملا کہ آئی ایچ آر ایف ایک مستند انسانی حقوق کی وکالت کرنے والا گروپ ہے۔
نوٹ : ہمیں @GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگر ہمارے قارئین کو کسی غلطی کا پتہ چلتا ہے تو ہم انہیں [email protected] پر ہم سے رابطہ کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔