Time 20 ستمبر ، 2022
کھیل

ویڈیو: فینز کو شادی کی کرسیوں پر کیوں بٹھا رہے ہیں؟ چیئرمین پی سی بی نے وجہ بتادی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ بھی انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچ گئے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ میں تو صرف کرکٹ کی طرف توجہ دے رہا ہوں، امید کرتا ہوں اچھا مقابلہ ہوگا، ورلڈکپ کی تیاری کیلئے یہ ایک اہم سیریز ہے، ہم نے کوشش کی تھی انگلینڈ کو لےکر آئیں، جب وہ روٹھ کر گئے تھے بہت محنت کرکے لے کر آئے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے تو یہ دیکھیں کہ آپ ایشیا کپ کا فائنل کھیلے ہیں، آپ نے ایشیا کپ میں بھارت کو ہرایا ہے، اس ٹیم کو غلطی کرنے کی تھوڑی سی لچک دیں گے یا نہیں؟

رمیز راجہ نے کہا کہ بابر اعظم کو بھی یہی سمجھاتا ہوں کہ فینز کی یادداشت کمزور ہوتی ہے، فینز کو خوش کرنے کیلئے آپ کو ہر میچ جیتنا ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی نے انکشاف کیا کہ کرسیوں کی امپورٹ بند ہونے کی وجہ سے اب تک فینز کو شادی کی کرسیوں پر بٹھا رہے ہیں، اب تک جو وعدہ کیا ہے وہ نبھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے حوالے سے کوئی کیسے کہہ سکتا ہے کہ ہم اپنے کھلاڑی کا خیال نہیں رکھیں گے؟ شاہین انگلینڈ میں ہے اس کا ری ہیب ہورہا ہے، فخر کو بھی انگلینڈ بھیج رہیں ہیں، رضوان کا بھی پی سی بی خیال رکھا ہوا ہے، شاہین کے مسئلے کو  بلا ضرورت متنازع بنایا گیا ہے، شاہین ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم میں ہوگا۔

رمیز راجہ نے کہا کہ سابق کھلاڑیوں کو چاہیے کہ اس ٹیم کو بیک کریں، ٹیم کی سلیکشن پر سابق کھلاڑیوں کی رائے مختلف ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ کے ڈپٹی چیئرمین مارٹن ڈارلو اور ای سی بی عہدیداران بھی میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچ گئے ہیں۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان نے مہمان وفد کا استقبال کیا، برطانوی ہائی کمشنر کرسچیئن ٹرنر بھی میچ دیکھنے اسٹیڈیم آئیں گے۔

مزید خبریں :