دنیا
Time 21 ستمبر ، 2022

230 وہیلز پراسرار طریقے سے ساحل پر پھنس گئیں

ان مچھلیوں کے ساحل پر پہنچنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی / فوٹو بشکریہ تسمانیہ پارکس اینڈ وائلڈ لائف فیس بک پیج
ان مچھلیوں کے ساحل پر پہنچنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی / فوٹو بشکریہ تسمانیہ پارکس اینڈ وائلڈ لائف فیس بک پیج

آسٹریلیا کی ریاست تسمانیہ کے مغربی ساحل پر متعدد وہیلز پراسرار طریقے سے پھنس گئی ہیں۔

تسمانیہ کے محکمہ قدرتی وسائل و ماحولیات کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 230 پائلٹ وہیلز ساحل پر پھنس گئی تھیں۔

بیان میں عندیہ دیا گیا کہ ان میں سے 50 فیصد وہیلز  ہی زندہ ہیں۔

دوسری جانب تسمانیہ پارکس اینڈ وائلڈ لائف سروس کے فیس بک اکاؤنٹ میں ایک تصویر میں درجنوں وہیلز کو Macquarie ہاربر نامی ساحل پر دکھایا گیا ہے۔

ماہرین کی ایک ٹیم کو وہاں بھجوایا گیا تاکہ وہیلز کو وہاں سے نکالا جاسکے جبکہ عوام کو اس جگہ سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب تسمانیہ میں اس طرح کا واقعہ پیش آیا، گزشتہ دنوں ہی ایک درجن سے زیادہ اسپرم وہیلز کو کنگ آئی لینڈ کے ساحل پر مردہ دریافت کیا گیا تھا۔

اس سے قبل ستمبر 2020 میں بھی 470 پائلٹ وہیلز کو اس ریاست کے ساحلی حصے میں دریافت کیا گیا تھا جن میں سے 111 کو بچالیا گیا تھا۔

وہیل کے ساحل پر پھنسنے کی وجہ معلوم نہیں مگر ماہرین کا ماننا ہے کہ وہیل کی یہ قسم صوتی لہروں کو سفر کے لیے استعمال کرتی ہے اور کم گہرے پانی کا اندازہ نہیں کرپاتی۔

ان کا کہنا تھا کہ پائلٹ وہیلز مل جل کر رہتی ہیں اور اسی وجہ سے اگر ایک وہیل بھی ساحل پر پہنچ جائے تو درجنوں وہیلز اس کے پیچھے وہاں پہنچ جاتی ہیں۔

مزید خبریں :