دنیا
Time 21 ستمبر ، 2022

ملازمین پر نظر رکھنے کیلئے ٹوائلٹ میں کیمرے لگانے پر کمپنی تنقید کی زد میں آگئی

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

چین میں ملازمین پر نظر رکھنے کیلئے ٹوائلٹ( بیت الخلاء) میں کیمرے لگانے پر کمپنی تنقید کی زد میں آگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی کمپنی نے آفس کے ٹوائلٹ بوتھس پرکیمرے نصب کرنےکا فیصلہ کیا تاکہ وہ ٹوائلٹ بریک کے دوران ملازمین کی نگرانی کر سکے۔

کام کے اوقات میں ٹوائلٹ کا استعمال چین میں کافی عرصے سے ایک متنازعہ موضوع بناہوا ہے۔ ماضی میں ایسی مثالیں بھی سامنے آئیں جہاں کمپنیوں نے ٹوائلٹ میں بہت زیادہ وقت گزارنے پر ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جبکہ کچھ نے ملازمین کو دن میں ایک سے زیادہ مرتبہ ٹوائلٹ استعمال کرنے پر جرمانہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق چین میں ایک ٹیکنالوجی کمپنی نے مبینہ طور پر اپنے ملازمین کے ٹوائلٹ بوتھس کے اوپر کیمرے نصب کیے ہیں تاکہ بیت الخلاء کے وقفے کے دوران ملازمین کے فون کے استعمال کی نگرانی کی جا سکے۔

گزشتہ دنوں چین کے سوشل میڈیا پر ملازمین کے ٹوائلٹ استعمال کرتے ہوئے تصاویر وائرل ہوئیں جس پر صارفین نے کمپنی پر کافی تنقید کی۔

فوٹو: غیر ملکی میڈیا
فوٹو: غیر ملکی میڈیا

تصاویر وائرل ہونے کے بعد مقامی حکام نے کمپنی سے رابطہ کیا جس پر کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تسلیم کرتے ہوئے  کہا گیا کہ لیک ہونے والی تصاویر نگرانی کے  لیے لگائے ہمارے کیمروں کی ہی ہیں۔

کمپنی نے کہا کہ  کیمرے صرف اس سال لگائے گئے جس کا واحد مقصد کمپنی کے ٹوائلٹس میں ملازمین کی جانب سے سگریٹ نوشی کی نگرانی کرنا تھا۔

کمپنی کے بیان کے بعد بھی عوام کی اکثریت  نے ٹوائلٹ بوتھ میں نگرانی کے لیے کیمرے لگانے کو ناقابل قبول قرار دیا۔

 قانونی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ کمپنی کو جوابدہ ہونے پڑے گا کیوں کہ ٹوائلٹس میں کیمروں کی تنصیب ملازمین کی پرائیویسی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

مزید خبریں :