انگلینڈ کیخلاف سنچری، اپنے خلاف تنقید کرنیوالوں سے متعلق بابر نے کیا کہا؟

فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب
فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ تنقید کرنے والوں کیلئے کچھ نہیں کہہ سکتا،جو چیز ہمارے کنٹرول میں نہیں اسے سوچتے بھی نہیں ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم اچھا کرتے ہیں تب بھی تنقید ہوتی ہے اور برا کھیلیتے ہیں تو پھربھی تنقید کرنے والے انتظار میں ہی ہوتے ہیں،اس لیے جو چیز ہمارے کنٹرول میں نہیں اسے سوچتے بھی نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کی پرفارمنس زبردست رہی، ہم نے پہلے بھی اہداف حاصل کیے ہیں، رضوان اور میں نے پلاننگ کے مطابق کھیلا، کنڈیشن اور ہدف کے لحاظ سے پلان بنایا تھا اور اسی حساب سے ہم مثبت کھیلے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف ایک ہی تھا کہ پاکستان یہ میچ جیتے، میری اور رضوان کے مابین اچھے تعلقات ہیں، ٹیم میں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا ضروری ہے۔

اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ نسیم کے بجائے حسنین کو بینچ اسٹرینتھ دیکھنے کیلئے موقع دیا تھا،بینچ اسٹرینتھ کو چیک کرنا ضروری ہے کیونکہ ورلڈکپ قریب تر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وکٹ دیکھنے میں ڈرائی لگ رہی تھی اور ہم نے کچھ کیچز ڈراپ کیے،کراچی کی کنڈیشن میں اسپن بولنگ کو سپورٹ ملتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کا 200 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرلیا۔

پاکستان نے بابر اور رضوان کی شاندار اننگز کی بدولت 200 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کرکے انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔

بابر اعظم نے 66 گیندوں پر 110 رنز بنائے جس میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، جب کہ رضوان نے 51 گیندوں پر 88 رنز کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے4 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔

مزید خبریں :