Time 25 ستمبر ، 2022
صحت و سائنس

وہ عام چیزیں جو جگر کے امراض کا شکار بنا سکتی ہیں

چند عام چیزوں سے آپ اپنے جگر کو نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں / فائل فوٹو
چند عام چیزوں سے آپ اپنے جگر کو نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں / فائل فوٹو

جگر انسانی جسم کے ان حصوں میں سے ایک ہے جن کو عام طور پر اس وقت تک سنجیدہ نہیں لیا جاتا جب تک وہ مسائل کا باعث نہیں بننے لگتے۔

ہوسکتا ہے کہ یقین کرنا مشکل ہو مگر جگر کے سو سے زیادہ مختلف امراض ہوتے ہیں۔

اگرچہ مختلف وجوہات کے باعث جگر کے امراض کا سامنا ہوسکتا ہے مگر چند عام چیزوں سے بھی آپ جگر کو نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں۔

زیادہ چینی کا استعمال

زیادہ چینی کھانے کی عادت صرف دانتوں کے لیے نقصان دہ نہیں بلکہ یہ جگر کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔

چینی کے بہت زیادہ استعمال کے نتیجے میں جگر پر چربی چڑھنے لگتی ہے جو جگر کے امراض کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

کچھ تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ چینی سے جگر کو الکحل جیسا ہی نقصان پہنچتا ہے۔

جسمانی وزن میں اضافہ

جسمانی وزن میں اضافے سے جگر کے گرد چربی بڑھنے لگتی ہے اور اس میں ورم کا خطرہ بڑھتا ہے۔

وقت کے ساتھ جگر سخت ہونے لگتا ہے اور بیماری کی شدت سنگین ہوسکتی ہے۔

سپلیمنٹس سے وٹامن اے کا حصول

ہمارے جسم کو وٹامن اے کی ضرورت ہوتی ہے اور پھلوں یا سبزیوں سے اس کا حصول بہترین ہوتا ہے۔

مگر سپلیمنٹس سے جسم کو زیادہ مقدار میں وٹامن اے ملتا ہے جو جگر کے لیے مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔

سافٹ ڈرنکس

تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جو لوگ زیادہ مقدار میں میٹھے مشروبات پینے کے عادی ہوتے ہیں ان میں جگر پر چربی چڑھنے کے عارضے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں یہ تو ثابت نہیں ہوا کہ یہ مشروبات براہ راست اس عارضے کا باعث بنتے ہیں، مگر بہت زیادہ مقدار میں سوڈا پینے کی عادت اور جگر کے امراض کے درمیان تعلق ضرور ثابت ہوا ہے۔

درد میں کمی لانے والی ادویات

اگر کمر میں تکلیف ہے، سردرد کا سامنا ہے یا نزلہ زکام ہوچکا ہے تو یقیناً آپ درد میں کمی لانے والی ادویات کا استعمال کریں گے، ایسی صورت میں درست مقدار کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

اگر آپ نے حادثاتی طور پر زیادہ مقدار کا استعمال کرلیا تو یہ جگر کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتا ہے۔

ٹرانس فیٹس کا استعمال

بیکری کے سامان یا پیکجنگ فوڈز کی تیاری کے لیے اس چکنائی کا استعمال عام ہوتا ہے۔

ٹرانس فیٹس سے بھرپور غذا کے استعمال سے جسمانی وزن میں اضافہ ہوسکتا ہے جو جگر کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

الکحل

الکحل کی معمولی مقدار کا استعمال بھی جگر کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

مزید خبریں :