25 ستمبر ، 2022
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا اپنے استعفے کے حوالے سے بیان سامنے آگیا۔
ٹوئٹر پر ایک بیان میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آج میں نے نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ایک میٹنگ میں وزیر خزانہ کے عہدے سے زبانی طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان پہنچنےکے بعد میں اپنا باقاعدہ استعفیٰ پیش کردوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2 مرتبہ وزیر خزانہ کی حیثیت سے کام کرنا میرے لیے اعزاز ہے، پاکستان پائندہ باد۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں پارٹی اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی اور قومی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ نوازشریف کو پیش کیا اور کہا کہ وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا، چار ماہ میں نے اپنی بھرپور صلاحیت سےکام کیا، پارٹی اور ملک سےوفاداری نبھائی۔
اس موقع پر نوازشریف نے مشکل حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پرمفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا۔
ترجمان کے مطابق نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈارکو وزیرِخزانہ کے لیے نامزد کردیا ہے، اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف کےساتھ ہی پاکستان روانہ ہوں گے اور منگل کو بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے۔