Time 26 ستمبر ، 2022
دلچسپ و عجیب

دنیا کا وہ کونسا ملک ہے جس کا کوئی دارالحکومت ہی نہیں؟

یہ دنیا کا وہ ملک ہے جس کا کوئی دارالحکومت نہیں / فائل فوٹو
یہ دنیا کا وہ ملک ہے جس کا کوئی دارالحکومت نہیں / فائل فوٹو

بیشتر افراد کا ماننا ہے کہ دنیا کے ہر ملک کا ایک دارالحکومت ہوتا ہے، مگر یہ خیال درست نہیں۔

کچھ ممالک جیسے بولیویا میں 2 دارالحکومت موجود ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے تو 3 دارالحکومت ہیں۔

اسی طرح کچھ چھوٹے ممالک جیسے سنگاپور اور موناکو میں پورا ملک ہی دارالحکومت پر مبنی ہوتا ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کا ایک ملک ایسا بھی ہے جس کا کوئی دارالحکومت ہی نہیں؟

جی ہاں واقعی جنوبی بحرالکاہل میں واقع ایک ملک ناورو کا کوئی دارالحکومت نہیں۔

ایک جزیرے پر مشتمل یہ دنیا کا دوسرا سب سے چھوٹا جمہوری ملک بھی ہے جس کا کوئی دارالحکومت تو نہیں مگر حکومتی دفاتر Yaren District میں موجود ہیں۔

اس ملک کی آبادی 10 ہزار سے کم ہے اور اس طرح آبادی کے لحاظ سے بھی یہ ویٹیکن سٹی کے بعد دوسرا سب سے چھوٹا ملک ہے۔

یہ اتنا غیرمعروف ملک ہے کہ اس کے قومی پرچم پر نقشہ بنا ہوا ہے تاکہ دنیا کے لوگوں کو معلوم ہوسکے کہ یہ کہاں واقع ہے۔

درحقیقت اس ملک میں کوئی شہر ہی نہیں اور رقبے کے لحاظ سے اتنا چھوٹا ملک ہے کہ اس کے ائیرپورٹ کا رن وے لگ بھگ پورے جزیرے پر پھیلا ہوا ہے۔

ویسے ایک اور ملک بھی ایسا ہے جس کا کوئی باضابطہ دارالحکومت نہیں مگر وہاں ڈی فیکٹو صدر مقام ضرور ہے۔

یہ ملک ہے سوئٹزرلینڈ جس کا شہر برن وفاقی شہر اور ڈی فیکٹو دارالحکومت سمجھا جاتا ہے مگر اسے کوئی باضابطہ حیثیت حاصل نہیں۔

مزید خبریں :