پاکستان
Time 27 ستمبر ، 2022

اسحاق ڈار این آر او کے تحت ڈیل کرکے پاکستان پہنچے: عمران خان

ہمارا انصاف کا نظام اسحاق ڈار کاراستہ نہ روک سکا لیکن آپ کا بھائی عمران خان اسحاق ڈار کا راستہ روکے گا: سابق وزیراعظم کا خطاب— فوٹو: عمران خان آفیشل
ہمارا انصاف کا نظام اسحاق ڈار کاراستہ نہ روک سکا لیکن آپ کا بھائی عمران خان اسحاق ڈار کا راستہ روکے گا: سابق وزیراعظم کا خطاب— فوٹو: عمران خان آفیشل

سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار این آر او کے تحت ڈیل کرکے پاکستان پہنچے اور ہمارا انصاف کا نظام اسحاق ڈار کاراستہ نہ روک سکا لیکن آپ کا بھائی عمران خان اسحاق ڈار کا راستہ روکے گا۔

پشاور میں تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی نہیں، انصاف نہیں، وہ جانوروں کا معاشرہ ہے اور جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا، جس قوم میں انصاف نہیں ہوتا وہ تباہ ہوجاتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ عدل و انصاف دیکھنا ہے تو سوئٹزرلینڈ چلے جائیں، وہاں کوئی وسائل نہیں لیکن خوشحالی دیکھیں، مسلم ممالک میں رول آف لا 20 فیصد بھی نہیں ہے تاہم سوئٹزرلینڈ میں 100فیصد رول آف لا ہے، آج آپ کو فلاحی ریاست دیکھنی ہےتو آپ سوئیڈن اور برطانیہ چلے جائیں۔

نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ ایک مفرور باہر بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے کررہاہے، اربوں روپے چوری کرکے بیرون ملک رہنے والا ملک کے فیصلے کر رہا ہے، مغرب میں یہ تصور نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان کا خزانہ اس کےحوالے کیاجارہاہے جو پانچ سال سے مفرور تھا، اسحاق ڈار این آر او کے تحت ڈیل کرکے پاکستان پہنچے، ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارا انصاف کا نظام اسحاق ڈار کاراستہ نہ روک سکا، آپ کا بھائی عمران خان اسحاق ڈار کا راستہ روکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب حکومت میں آیا تب ریاست مدینہ کی بات کی، حکومت میں آنے سے پہلے ریاست مدینہ کی بات نہیں کی، کہیں لوگ یہ نہ کہیں کہ ووٹ کیلئے ایسی بات کررہاہوں۔

مزید خبریں :