کھیل
Time 04 اکتوبر ، 2022

'ورلڈکپ سے قبل شاہین آفریدی کا تگڑا فٹ ہونا بہت ضروری ہے‘

موجودہ بولنگ لائن اپ سے آسٹریلیا میں توقع نہیں رکھنی چاہیے، ناتجربہ کاری کی وجہ سے ان فاسٹ بولروں کو مشکل پیش آئے گی: سابق کرکٹر/ فائل فوٹو
موجودہ بولنگ لائن اپ سے آسٹریلیا میں توقع نہیں رکھنی چاہیے، ناتجربہ کاری کی وجہ سے ان فاسٹ بولروں کو مشکل پیش آئے گی: سابق کرکٹر/ فائل فوٹو

سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا فٹ ہونا انتہائی ضروری  قرار دے دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سابق ڈائریکٹر مدثر نذر نے کہا  کہ موجودہ بولنگ لائن اپ سے آسٹریلیا میں توقع نہیں رکھنی چاہیے، ناتجربہ کاری کی وجہ سے ان فاسٹ بولروں کو مشکل پیش آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ جن بولرز کو لو باؤنس وکٹوں پر اتنے رنز پڑ رہے ہیں تو آسٹریلیا میں سوچیں کہ ان بولرز کے ساتھ بیٹرز کیا سلوک کریں گے، حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کامیاب رہے ، انہوں نے کم رنز دیے لیکن اس کی وجہ حارث رؤف کا ان پچز سے فائدہ اٹھانا ہے لیکن آسٹریلوی پچز پر ان کے لیے رنز روکنا مشکل ہوگا۔

76 ٹیسٹ اور 122 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر مدثر نذر کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کا فٹ ہونا بہت ضروری ہے، شاہین آفریدی کے بغیر ہماری بولنگ بہت کمزور ہوگی، شاہین کو تگڑا فٹ ہوکر واپس آنا ہوگا کیونکہ جب شاہین آفریدی اتنے وقفے کے بعد واپس آئیں گے تو اگر ان پر فوری بوجھ ڈالا گیا تو اس سے بھی مشکل ہو سکتی ہے، اس لیے بڑی احتیاط سے کے ساتھ اس معاملے کو دیکھنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فخر زمان کو بھی فٹ ہونا ہے ، ان کی ٹیم میں جگہ بنتی ہے،  انہیں ٹاپ آرڈر میں کھیلنا ہے، اس سے کمبی نیشن بہتر ہو گا، مسئلہ وہی مڈل آرڈر کا ہے ، مڈل آرڈر بالکل ایکسپوز ہو گیا ہے، مخالف ٹیموں نے پاکستان کے بیٹرز کو ریڈ کر لیا ہے، بابر اعظم اور محمد رضوان سمیت سب بیٹرز کے بارے میں مخالف ٹیموں کو علم ہو گیا ہے کہ انہیں کیسے آؤٹ کرنا ہے، اب یہ ہمارے بیٹرز پر منحصر ہے کہ وہ کیسے اپنی کمزوریوں کو چھپاتے ہیں ، میں سمجھتا ہوں پاکستان کے بیٹرز نے ہوم ورک نہ کیا تو ان کا بچنا مشکل ہے۔

مدثر نذر کا کہنا تھا کہ مڈل آرڈر میں فلاپ ہونے کے باوجود بیٹرز کو موقع ملا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے پاس بیک اپ میں کچھ نہیں ہے، ہمیں ان پر ہی انحصار کرنا ہے، ایک ایک دو اننگز کی بنیاد پر کھلاڑی ٹیم میں جگہ بناتے رہے ہیں اور اب صورتحال یہ ہے کہ ان کی کارکردگی میں تسلسل نہیں ہے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ 1992 میں بھی ہماری ٹیم اسی طرح کے مسائل کے ساتھ آسٹریلیا پہنچی تھی اور پاکستان ٹیم نے ورلڈکپ جیتا تھا لیکن تب پاکستان ٹیم کے پاس وسیم اکرم تھا، اسی لیے میں کہتا ہوں کہ شاہین آفریدی کا تگڑا فٹ ہونا بہت ضروری ہے اسی صورت میں پاکستان کے امکانات ہوں گے۔

مزید خبریں :